این سی پی ‘ مدھیہ پردیش میں 200 حلقوں سے مقابلہ کریگی

بھوپال 12 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی ( این سی پی ) مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات میں زائد از 200 اسمبلی حلقوں سے مقابلہ کریگی ۔ پارٹی کے سینئر قائد نے یہ بات بتائی ۔ 230 رکنی مدھیہ پردیش اسمبلی کیلئے 28 نومبر کو رائے دہی ہونی ہے اور 11 ڈسمبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی ۔ این سی پی لیڈر و مہاراشٹرا ایم ایل سی راجیندر جین نے کہا کہ پارٹی کی گجرات یونٹ کے ترجمان نکل سنگھ نے این سی پی کا منشور جاری کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں این سی پی کی جانب سے ہم خیال جماعتوں سے مفاہمت کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ این سی پی ریاست میں 230 کے منجملہ 200 سے زائد نشستوں پر مقابلہ کریگی ۔ انہوں نے پارٹی منشور کے تعلق سے بتایا کہ پارٹی کو ریاست میں اقتدار حاصل ہوتا ہے تو کسانوں کو مفت برقی اور پانی فراہم کیا جائیگا اور ان کے زرعی قرضہ جات معاف کردئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے تعلیمی شعبہ میں حقیقی معنوں میں اصلاحات لانے کیلئے کام کیا جائیگا ۔ انہوں نے پارٹی اس بات کو یقینی بنائیگی کہ خواتین کے خلاف جرائم میں کمی آئے ۔