’انکم ٹیکس دھاوے ، مخالفین کیلئے مودی حکومت کا دھمکی آمیز پیغام ‘

میڈیا ادارہ کوئنٹ کیخلاف دھاوؤں پر چدمبرم کا ردعمل ، بی جے پی مخالفت کو کچلنے کے درپے
نئی دہلی۔ 13 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) سینئر کانگریس لیڈر و سابق وزیر فینانس پی چدمبرم نے میڈیا ادارہ کوئنٹ کے دفاتر اور اس کے ایڈیٹر راگھوبہل، سی ای او ریتو کپور کی رہائش گاہوں پر انکم ٹیکس دھاوؤں کو حکومت کی طرف سے پیغام بھیجنے کا طریقہ قرار دیا۔ کوئینٹ کے سنجے پگالیہ کو دیئے گئے انٹرویو میں چدمبرم نے کہا ہے کہ وہ پورے یقین کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ کوئینٹ کے خلاف انکم ٹیکس دھاوے دراصل نریندر مودی کے زیرقیادت مرکزی حکومت پر اس میڈیا ادارے کی تنقیدوں کا نتیجہ ہیں۔ پی چدمبرم نے مزید کہا کہ ’نوٹ بندی کے بعد آپ (کوئنٹ) حکومت کے کٹر ناقد بن گئے تھے۔ جی ایس ٹی پر عمل آوری پر بھی آپ حکومت کی تنقید کررہے تھے۔ حکومت کی طرف سے مناسب فنڈس کی اجرائی و تخصیص کے بغیر پروگراموں کے اعلان پر بھی آپ تنقیدیں کررہے تھے۔ حکومت کے آج آپ سب سے بڑے ناقد ہیں اور آن لائن آپ کے قارئین کی کثیر تعداد ہے۔ اس طرح اور بھی ایک دو آن لائن نیوز ادارے ہیں جن کے قارئین کی کثیر تعداد ہے۔ چنانچہ ایسے دھاوے یہ پیغام بھیجنے حکومت کا ایک طریقہ ہے جبکہ سنبھل جاؤ ورنہ… ‘سابق مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ انکم ٹیکس عہدیداروں کے الزام کے مطابق اگر مالی فوائد کے لئے بینکس کی ادائیگی سے گریز کیا جارہا تھا تو دھاوؤں کے بجائے بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے حسابات طلب کئے جاسکتے تھے۔ ’’اس میں کسی مقام کی تلاشی کے لئے پولیس تحفظ میں کئی افراد کی فوج روانہ کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ آپ کیا تلاش کررہے ہیں؟ اگر آپ نوٹس جاری کرتے تو وہ لوگ دستاویز پیش کرسکتے تھے۔ وہ دستاویز پیش کرنے کے پابند تھے لیکن اس کارروائی سے واضح ہوجاتا ہے کہ بی جے پی ہر قسم کے اختلاف، تنقید اور ناراضگی کو کچلنا چاہتی ہے۔