امیت شاہ کیخلاف احتجاج کرنے والوں پر سنگ باری کے الزامات بے بنیاد

صدر وائی ایس آر کانگریس کے الزامات پر وزیر آبپاشی اے پی ڈی اوما مہیشور راؤ کا ردعمل
حیدرآباد 13 مئی (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی آندھراپردیش ڈی اوما مہیشور راؤ نے صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی و قائد اپوزیشن اے پی وائی ایس جگن موہن ریڈی کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہاکہ ریاستی مفادات کو پیش نظر رکھتے ہوئے صدر بی جے پی امیت شاہ کے دورہ تروپتی کے موقع پر پرامن احتجاج کرنے والے عوام پر پتھراؤ کرنے کے غلط و بے بنیاد الزامات جگن موہن عائد کررہے ہیں۔ اوما مہیشور راؤ نے جگن موہن ری ڈی کے ان الزامات کا مضحکہ خیز اُڑایا۔ وزیر نے اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ جگن نے ’’پٹی سیما‘‘ پراجکٹ کو بیکار قرار دیا تھا لیکن آج اس پراجکٹ کے پانی سے ہی عوام کاشت کررہے ہیں تو جگن خاموش کیوں ہیں۔ جگن موہن ریڈی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ’’مارننگ واک اور ایوننگ واک‘‘ کرنے والے جگن موہن ریڈی کو آج چونکہ بی جے پی سے خفیہ ساز باز کرلینے کی وجہ سے امیت شاہ انہیں بھگوان جیسے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ عوام کے لئے دن رات محنت کے ذریعہ کام کرنے والے چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو کو راکشیس جیسے دکھائی دے رہے ہیں۔ انھوں نے کرناٹک کے انتخابات پر کہاکہ محض بی جے پی کے ساتھ خفیہ ساز باز کرلینے کی وجہ سے ہی وائی ایس آر پارٹی قائدین کرناٹک میں بی جے پی کی تائید میں انتخابی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور الزام عائد کیاکہ وجئے سائی ریڈی نے خود کرناٹک انتخابات کے موقع پر مختلف مقامات پر رقومات تقسیم کرنے میں اہم رول ادا کیا۔ جگن موہن ریڈی صرف اور صرف اقتدار کی ہوس میں حکومت کے خلاف من مانی اور غلط و بے بنیاد باتیں کررہے ہیں۔