ماں کے احترام کا عملی پیغام ‘ اسکول میں طلبہ کے ہاتھوں ماؤں کے پیر دھولانے کا اہتمام

پرانے شہر کے انتہائی پسماندہ علاقے حسن نگر کے ایک اسکول میں انتظامیہ کی جانب سے اسکولی طلبہ کو اپنے ماؤں کے پیر دھولاکر دعائیں حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا۔ اگرچیکہ یہ کام سب سے پہلے ملیشیاء کے ایک اسکول نے انجام دیا ہے مگر حیدرآباد میں سب سے پہلے ایم ایس مشن ہائی اسکول حسن نگر کی جانب سے اس کی پہل کی گئی جو ماں کی اہمیت اور احترام کا عملی پیغام ‘ ضرور انقلاب لائے گا۔

مدیر اعلی روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خان کے علاوہ جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹرسیاست ‘ حیات حسین حبیب‘ عثمان بن محمد الہاجری نے بھی اسکول انتظامیہ کی جانب سے منعقدہ اس پروگرام میں شرکت کرکے طلبہ اور ان کے سرپرستوں کی حوصلہ افزائی کی۔

اس جذباتی منظر کے دوران مائیں اپنے معصوم لڑکیوں کی جانب سے ان کے پیر دھولانے پر اشک بار اور جذبات سے مغلوب نظر آرہی تھیں وہیں وہ اپنی بیٹیوں کو گلے سے لگاکر دعائیں بھی دیتی نظر ائیں۔

 

اسکولی طلبہ ’’ ماں کے پیروں کے نیچے جنت ہے‘ ماں کے بغیر دنیا اور گھر دونوں سونے ہیں‘ ماں نہیں تو کچھ نہیں کے علاوہ والدہ سے اپنی بے پناہ چاہت اور محبت پر مشتمل پلے کارڈس ہاتھوں میں تھامے کھڑے دیکھائی دئے۔ فوٹوز ذبیح اللہ