حیدرآباد۔ اپنے تین روزہ ہندوستانی دور ے کے موقع پر صدر ایران حسن روحانی نے جمعہ روز حیدرآباد میں گنبدان قطب شاہی کا دورہ کیا۔ڈی سی پی ویسٹ زون وینکٹیشوار راؤ نے کہاکہ ’’ صدر ایران تقریبا 9بجے صبح گنبدان قطب شاہی پہنچے۔ اس تاریخی مقام کے متعلق عہدیداروں نے انہیں معلومات فراہم کئے۔
چار سو سالہ قدیم اس تاریخی مقام کی تزین نو کا کام 2013میں آغا خان ٹرسٹ فار کلچر( اے کے ٹی سی)تلنگانہ ڈپارٹمنٹ آف آرکیالوجی اینڈ میوزیم کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کے بعد شروع کیاتھا۔ تلنگانہ حکومت اور اے کے ٹی سی کے عہدیداروں نے گنبدان قطب شاہی کے متعلق صدر ایران کو تفصیلات سے واقف کروایا۔
بعدازاں دوپہر میں روحانی نے تاریخی مکہ مسجد میں نماز جمعہ کی ادائی کے بعد مسلمانوں کے کثیراجتماع سے بھی خطاب کیا۔ مختلف مکاتب فکر کے دیگر اسلامی اسکالرس بھی اس موقع پر مکہ مسجد میں موجود تھے
۔ہندوستان میں روحانی کے تین روزہ دورے کی شروعات جمعرات کے روز ان کی حیدرآباد سے آمد سے ہوئی۔ صدر ایران بننے کے بعد یہ روحانی کا حیدرآباد کے لئے دوسرا دورہ ہے۔ذرائع سے ملی اطلاع کے بعد وہ حیدرآباد سے نئی دہلی کے لئے بھی روانہ ہوگئے ہیں۔
جمعرات کے روز شام میں ان کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روحانی نے مغربی طاقتوں سے مقابلے کے لئے تمام مکاتب فکر کے مسلمانوں کو متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔
You must be logged in to post a comment.