کلکتہ : بی جے پی اب مغربی بنگال میں درگاپوجااور محرم کے موقع پر ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے فیصلوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ‘ ترنمول کانگریس سربراہ وچیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کو گھیرنے کی کوشش کررہی ہے۔ بی جے پی کا الزام ہے کہ درگاپوجا کے دوران مورتیوں کے وسرجن کے وقت کی تبدیلی مسلمان ووٹ بینک کو مضبوط کرنے کی کوشش کا حصہ ہے۔
بی جے پی کاماننا ہے کہ دوسرے دن دس محرم( یوم عاشور ہ) ہے لہذا مغربی بنگال حکومت نے درگامورتی وسرجن کے وقت کو تبدیل کرنے کے احکامات جاری کیا ہے۔واضح رہے کہ ممتا بنرجی حکومت نے یوم عاشورہ کے پیش نظر یکم اکتوبر کو درگامورتی وسرجن پر پابند ی عائدکردی ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ ممتا بنرجی نے پوگا اور محرم کمیٹی کے ذمہ دارا ن کے ساتھ اجلاس کے بعد یہ فیصلہ لیا ہے۔ انہوں نے اجلاس کے دوران پوجا کمیٹی کے ذمہ داران سے کہاکہ وہ درگا مورتی وسرجن یکم اکٹوبر کے روز روک دیں اور اس روز یوم عاشورہ کا جلوس نکالا جائے گا اس کے بعد 2تا4اکٹوبر مورتیوں کے وسرجن کو جاری رکھیں ۔
انتظامیہ کا ماننا ہے کہ حالیہ دنوں میں بشیرت میں پیش ائے واقعات کے بعد کسی قسم کی لاپرواہی سے کام نہیں لیاجاسکتا۔قبل ازیں اسی طرح کے احکامات پر کلکتہ سپریم کورٹ نے روک لگاتے ہوئے دشمی اور دس محرم ایک ساتھ منعقد کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔ حکومت کے فیصلے پر ریاستی بی جے پی یونٹ کافی ناراض ہے اور ان کا الزام ہے کہ چیف منسٹر ممتا بنرجی ہندو اور مسلمانو ں کے درمیان میں تفرقہ پیدا کررہے ہیں۔
بی جے پی نے ممتا بنرجی پر ہندو مسلم کی سیاست کا بھی الزام عائد کیا ہے اور درگاپوجا کے موقع پر حکومت نے تمام احکامات کو نذ ر انداز کرتے ہوئے مذہبی رسومات کی ادائی کا بی جے پی کی جانب سے اعلان کیاجارہا ہے۔