ہر ہندو پانچ بچے پیدا کریں، بابری مسجد والے ملک سے نکل جائیں: دھرم سبھا میں وی ایچ پی کے سادھو سنتوں کے خطابات

وشوا ہندو پریشد (وی ایچ پی) کی جانب سے ایودھیا میں بابری مسجد کے متنازعہ مقام پر رام مندر کی تعمیر کے لئے بنائی گئی کمیٹی کے سربراہ ہنس دیو آچاریہ نے کہا کہ جو لوگ ایودھیا میں بابری مسجد بنانا چاہتے ہیں وہ اس ملک سے نکل جائیں۔ انہوں نے جموں وکشمیر کا نام لئے بغیر کہا کہ ہم یہاں دو آئین اور دو جھنڈوں کی اجازت نہیں دیں گے۔

ہنس دیو آچاریہ نے ریاستی گورنر ستیہ پال ملک کی خوب تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ریاست میں جنگجوﺅں کی حمایت والی سرکار کو نہیں بننے دیا۔ ان کا اشارہ پی ڈی پی، نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے حالیہ گرینڈ الائنس کی طرف تھا۔

آچاریہ نے کہا کہ گورنر کی جانب سے ریاست میں جنگجوﺅں کی حمایت والی سرکار کو بننے سے روکنا جموں وکشمیر میں ہندو توا کی جیت ہے۔ انہوں نے بی جے پی حکومت کے اچھے دنوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سے اچھے دن کیا ہوسکتے ہیں کہ کشمیر میں پتھربازوں کو مارا جارہا ہے۔