کانگریس صدر راہل گاندھی نے ’چوکیدار چور ہے‘ معاملہ میں سپریم کورٹ میں غیر مشروط معافی مانگ لی ہے۔ راہل گاندھی نے عدالت میں داخل حالیہ حلف نامہ میں کہا ہے کہ ’چوکیدار چور ہے‘ سے متعلق بیان میں عدالت کا حوالہ دئیے جانے کو لے کر وہ غیر مشروط معافی مانگتے ہیں۔ انہوں نے اس معاملہ میں عدالت کی توہین کا معاملہ ختم کرنے کی بھی کورٹ سے درخواست کی ہے۔
عدالت ابھی رافیل طیارہ سودا معاملہ میں نظر ثانی کی درخواستوں کے ساتھ ساتھ توہین عدالت معاملہ پر ایک ساتھ سماعت کرے گی۔ راہل گاندھی نے رافیل طیارہ سودا معاملہ میں مرکزی حکومت کے ابتدائی اعتراضات کو مسترد کرنے کے عدالت کے فیصلہ کے بعد امیٹھی میں میڈیا سے بات چیت میں کہا تھا کہ اب تو کورٹ نے بھی مان لیا ہے کہ ’چوکیدار چور ہے‘َ۔اس بیان کے سلسلہ میں بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ میناکشی لیکھی نے عدالت کی توہین کا معاملہ درج کرایا تھا۔