کانگریس سے مفاہمت ایک یا دو روز میں۔ اکھیلیش

لکھنو: اترپردیش میں عظیم سیکولر اتحاد کے امکانات آج روشن ہوگئے جب چیف منسٹر اکھیلیش یادو نے کہاکہ کانگریس کے ساتھ ان کی پارٹی ایس پی کی مفاہمت کے بارے میں ایک یادودن میں فیصلہ کرلیاجائے گا۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے انھیں سماج وادی پارٹی کا صدر تسلیم کرتے ہوئے سیکل کے انتخابی نشان برقرار رکھنے کی اجازت دئے جانے کے بعد ایک نئی طاقت سے سرشار اکھیلیش یادو نے کہاکہ ’’۰کانگریس کے ساتھ)مفاہمت پر ایک یادودن میں فیصلہ کیا جائے گا‘‘۔

اپنی رہائش پر میڈیاسے غیر رسمی بات چیت کے دوران فرقہ پرست سیاست کو سیکولر انداز میں کانگریس کے ساتھ ملکر شکست فاش کرنے کے متعلق پوچھے گئے سوال کا وہ جوا ب دے رہے تھے۔

اکھیلیش کے قریبی اور سماج وادی پارٹی کے جنرل سکریٹری رام گوپال یادو نے کہاکہ کانگریس کے ساتھ مفاہمت میں اکھیلیش یادو ہی قطعی فیصلہ کریں گے ۔ تاہم انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ دونوں جماعتوں کے درمیان مفاہمت ضرور ہوگی

۔کانگریس جنرل سکریٹری اور اترپردیش میں پارٹی کے تنظیمی امورکے انچارج غلام نبی آزاد نے بھی ایس پی کے ساتھ مفاہمت کی حمایت کی ہے۔باور کیاجاتا ہے کہ آزاد اور رام گوپال یادو دونوں پارٹیوں کے درمیان مفاہمت میں حائل رکاوٹوں کودورکرنے میں مصروف ہیں۔

توقع کی جارہی ہے کہ اجیت سنگھ اور ان کی تنظیم آر ایل ڈی بھی عظیم سکیولر اتحاد میں شامل رہے گی۔