نئی دہلی:ایسے پولیس والوں پرجرمانہ عائدہوسکتا ہے جو مقررہ وقت پر اپناکام انجام دینے میں ناکام ہوجاتے ہیں۔ ایسی صورت میں جب وہ اندرون 20یوم پاسپورٹ کی تصدیق کاعمل پورا نہیں کرے تو انہیںیومیہ 250روپئے یا پھر 5000کے جرمانے کا سامنا کرنا پڑیگا۔
اسی طرح کا جرمانہ شکایت دائرکرنے کے روز ہی ایف ائی آر کی اجرائی عمل میں نہیںآنے پر عائد کیاجائے گااور اگر اندرون تین یوم ضابطے کی تکمیل کے بعد ضبط شدہ گاڑی نہیں چھوڑی گئی تو بھی اس طر ح کا جرمانہ پولیس پر عائدکیا جائے گا۔
وزیراعظم نریندر مودی کی تجویز جس میں انہوں نے پولیس کی عوامی خدمت میں یکسانیت کی بات کہی تھی کے بعد بیورو آف پولیس ریسرچ اینڈ ڈیولیمنٹ(بی پی آر اینڈ ڈی)جرمانہ کی تجویز پیش کی تاکہ پولیس کی جانب سے شہریوں کو دی جانے والی خدمات کے متعلق جوابدہی کا ماحول بنایاجاسکے۔مذکورہ پولیس تنظیم نے ’’ عوام کو دی جانے والی خدمات‘‘ پر مشتمل 45امور کی فہرست تیار کی ہے۔
تاہم کچھ ماہرین کا ماننا ہے کہ مذکورہ تجاویز نہایت سخت ہیں جس کے عملی جامعہ پہنانے کے لئے 729ہندوستانی شہریوں پر ایک پولیس عہدیدار کا تقرر لازمی ہوجاتا ہے۔
وزرات داخلہ کو پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق بی پی آر اینڈ ڈی نے ایسے سفارشات تیار کئے ہیں جس میں مقرر وقت میں دئے گئے کام کی تکمیل لازمی ہوجاتی ہے۔اگر کام میں تاخیر ہوتی ہے تو شہری اپیلٹ اتھاریٹی سے رجوع ہوسکتا ہے۔
رپورٹ میں اس بات کی بھی سفارش کی گئی ہے کہ ایپلیٹ اتھاریٹی سینئرافیسر کو مقررکیاجائے جو ائی جی یا پھر ایڈیشنل ڈی جی پی رینک کا ہو۔