ٹرمپ کا انتباہ : امریکی حمایت کے بغیر شاہ سلمان دو ہفتے بھی بادشاہ نہیں رہ سکتے ۔

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت امریکی فوج کر حمایت کے بغیر دو ہفتہ بھی نہیں چل سکتی ہے ۔

قطر کے نشریاتی ادارہ الجزیرہ کے مطابق صدر ٹرمپ نے امریکی ریاست میسی سپی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ امریکہ سعودی عرب کی حفاظت کرتا ہے اور میں نے سعودی فرمانروا سے ملاقات میں واضح کردیا تھا کہ امریکی مدد کے بغیر وہ دو یا تین ہفتے سے زیادہ اپنی حکمرانی قائم نہیں رکھ سکتے ۔ سعودی عرب کے قریبی اتحادی سمجھے جانے والے امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ میں نے شاہ سلمان سے اپنی ملاقات میں مطالبہ کیا کہ امریکی فوج کو سعودی حکومت کی حفاظت کرنے کا معاوضہ دیاجاناچاہئے اور معاوضہ کے بغیر خدمات زیادہ عرصہ تک حاصل نہیں کی جاسکتی ہیں ۔امریکی صدر یہ بتانے سے قاصر رہے کہ یہ باتیں شاہ سلمان کو کب اور کہاں کی گئیں ۔

ڈونالڈ ٹرمپ نے صدارت کاقلمدان سنبھالنے کے بعد سب سے پہلا غیر ملکی دورہ سعودی عرب کا کیا تھا ۔ امریکہ اور سعودی عرب کے درمیان یوں تومصالحانہ تعلق قائم ہے او رکئی امور پر دونوں اتحادی بھی ہیں لیکن تیل کی بڑھتی قیمتوں سے ٹرمپ نالاں ہیں ۔سعودی عرب دنیا میں تیل برآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک اور اوپیک کا اہم رکن ہے ۔جسے ٹرمپ کی جانب سے تیل کی زیادہ قیمتوں پر تنقید کانشانہ بنایا جاتا رہا ہے ۔ گذشتہ ماہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اوپیک رکن ممالک پوری دنیاکولوٹ رہے ہیں ۔ ٹرمپ نے کہا کہ ہم ان میں سے بیشتر ممالک کا ہم ساتھ دے رہے ہیں اور وہ ہم سے اس کافائدہ بھاری قیمتوں میں ہمیں تیل فراہم کررہے ہیں ۔ یہ اچھی بات نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ وہ قیمتیں نہ بڑھائیں ۔