نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید محمود مدنی نے ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی کو ایک ایک مکتوب ارسال کر تے ہوئے انہیں دوسری میعاد کیلئے وزیراعظم بننے پر مبارکباد پیش کی۔ اورامید ظاہر کی کہ وہ اقلیتوں کی تعلیم، صحت او رروزگار پر خصوصی توجہ دیں گے۔ مولانا محمود مدنی نے وزیراعظم مودی کے اس بیان کی ستائش کی جس میں مودی نے اقلیتوں کے بارے کہاتھا۔ مولانا مدنی نے کہا کہ ہمیں پوری امید ہے کہ اس پرسنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔
مولانا مدنی نے اپنے مکتوب میں لکھا کہ ”جناب والا کی دوسری بار انتخابی جیت پر جمعیۃ علماء ہند او راپنی طرف سے دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ آپ کی بھاری اکثریت سے جیت نے یہ ثابت کردیا ہے کہ عوام آپ کے وکاس ایجنڈہ کی بھر پور حمایت کرتے ہیں اور یہ امید کرتے ہیں کہ آپ وطن عزیز کو ترقی، امن او رخوشحالی کی اعلی سے اعلی منزلوں تک لے جائیں گے۔
مجھے قوی امید ہے کہ آپ کی پالیسی ”سب کا ساتھ، سب کا وکاس“ کو کہ آپ کی جیت کا سب سے اہم سبب بنا آپ کے ذریعہ پیش کئے گئے اہداف او رخوابوں کو جلد شرمندہ تعبیر کرے گی۔ آپ کا حالیہ بیان جس سے پتہ چلتا ہے کہ آپ اقلیتوں کو ووٹ بنک کی طرح استعمال کرنے کے بجائے ان کی تعلیم، صحت اور روزگار پر خصوصی توجہ دیں گے، ہمیں پوری امید ہے کہ اسے پوری سنجیدگی اور زود رفتاری سے عمل میں لایا جائے گا۔“