بھوپال : کانگریس صدر راہل گاندھی نے بھوپال میں وزیراعظم نریندرمودی، مرکزی حکومت او ربھارتیہ جنتا پارٹی پر زبانی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت صرف 1520بڑے صنعت کاروں کیلئے کام کرتی ہے ۔ راہل نے یہاں تین گھنٹے روڈ شو میں حصہ لیا ۔انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رافل سودہ ، این پی اے ، نوٹ بندی ، اشیاء او رخدمات ٹیکس وغیر ہ کے تعلق سے مودی حکومت پر شدید رد عمل کا اظہار کیا ۔
انہوں نے این پی اے ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ سال مودی نے ۱۵؍ بڑے صنعت کاروں کا دیڑھ لاکھ کروڑ کا قرض معاف کیا ۔انہوں نے کہا کہ مودی جی پانچ ہزار روپے کے قرض دار کسان کو چور کہتے ہیں۔
لیکن ہزاروں کروڑوں کا قرض لے کر فرار ہونے والے وجے مالیہ ، نیرو مودی وغیر ہ ان کے خاص دوست ہیں ۔راہل گاندھی نے عوام سے وعدہ کیا کہ ان کی حکومت آنے پر کسانوں کے قرضہ جات معاف کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ آپ کا پیسہ مالیہ جیسے لوگوں کی جیب میں جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مالیہ لندن فرار ہونے سے قبل وزیرخزانہ ارون جیٹلی سے ملاقات کیا تھا ۔ پھر بھی اسے بھاگنے دیا گیا ۔مسٹر جیٹلی کے باس نے مالیہ کو بھگانے میں مدد کی ۔راہل گاندھی نے رافیل سودہ میں مسٹر مودی پر راست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس کا ٹھیکہ ہندوستان ایروناٹکس لمیٹیڈ سے چھین کر اپنے دوست صنعت کار انیل امبانی کو دیا ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر امبانی پر پہلے سے بنکو ں کا ۴۵؍ہزار کروڑ روپے کا قرض ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جو جنگی طیارہ 526کروڑ میں خریدا جارہاتھا امبانی کے اس معاملہ میں مداخلت کے بعد وہ طیارہ 1600کروڑ روپے میں خریدا جارہا ہے ۔