واشنگٹن- امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ یوں تو انتخابی مہم سے ہی خبروں میں رہیں ہیں، تاہم عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد ان کی شخصیت، ان کے کام، ان کی ازدواجی زندگی اور یہاں تک ان کے اپنی اہلیہ کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے بھی خبریں سامنے آئیں۔
حکومتی مسائل سے ہٹ کر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے اور بھی کئی مسائل پیدا ہوئے اور تاحال وہ ان سے نمٹتے نظر آتے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ پر جہاں پورن اسٹارز نے جنسی تعلقات استوار کرنے اور ان تعلقات پر خاموش رہنے سے متعلق پیسے دینے کے الزامات لگائے۔
وہیں امریکی و برطانوی میڈیا میں یہ خبریں بھی شائع ہوتی رہیں کہ ان کے اپنی اہلیہ سے تعلقات بھی کشیدہ ہیں۔ اطلاعات تھیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پورن اسٹارز سے تعلقات استوار کرنے اور کئی طرح کے دیگر مسائل کے باعث میلانیا ٹرمپ ان سے ناراض ہیں اور پھر امریکی صدر کو کچھ غیر ملکی دوروں پر خاتون اول کے بغیر بھی دیکھا گیا۔
تاہم اب میلانیا ٹرمپ نے اپنے شوہر سے تعلقات اور کشیدگی پر خاموشی توڑتے ہوئے حیران کن انکشافات کیے ہیں۔ ہولی وڈ لائف کے مطابق امریکی ٹی وی چینل ’فاکس نیوز‘ کے میزبان سین ہینٹی کو کرسمس کے موقع پر دیے گئے انٹرویو میں میلانیا ٹرمپ نے نہ صرف اپنے شوہر سے تعلقات سے متعلق وضاحت کی بلکہ انہوں نے اور کئی مسائل پر بھی بات کی۔
رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دوسری مدت کے لیے صدارتی انتخابات لڑنے کے حوالے سے میلانیا ٹرمپ نے کوئی واضح جواب نہیں بلکہ اہم ترین سوال کو لفظوں میں گول کر گئیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ میلانیا ٹرمپ نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کے شوہر دوبارہ انتخابات میں حصہ لیں گے یا نہیں، تاہم ان کا کہنا تھا کہ امریکا جو بھی فیصلہ کرتا ہے، وہ اچھا ہی ہوتا ہے۔
انٹرویو کے دوران میلانیا ٹرمپ صحافیوں، اداکاروں، کامیڈینز، تنفقید نگاروں اور لکھاریوں سے بھی خفہ نظر آئیں اور کہا کہ انہیں ایسے افراد سے چڑ ہے جو ان کا اور ان کے خاندان کا نام استعمال کرکے فوائد حاصل کر رہے ہیں۔
میلانیا ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں تنقید نگاروں اور لکھاریوں کی جانب سے لکھنے پر کوئی اعتراض نہیں بلکہ انہیں اس بات پر اعتراض ہے کہ لکھنے والے غلط تاریخ لکھ رہے ہیں۔ انٹرویو کے دوران انہوں نے اپنے شوہر سے تعلقات پر بھی کھل کر بات کی اور دعویٰ کیا کہ ان کی اور ان کے شوہر کی کیمسٹری بہت ملتی ہے۔