اٹاوہ : رام جنم بھومی کمیٹی کے سینئر رکن او ر سابق رکن پارلیمان رام ولاس ویدانتی نے دعوی کیا کہ ایودھیا میں متنازعہ زمین پر اسی سال چھ دسمبر سے شاندار مند رکی تعمیر کا آغاز ہوجائیگا۔ آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کے رام مندر کیلئے قانون بنانے کی پہل کا استقبال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانچ اکٹوبر کو سادھو سنتوں کے اعلان کے بعدآر ایس ایس سربراہ کا بیان قابل ستائش ہے ۔ رام ولاس نے کہا کہ کبھی دو نشستوں والی بی جے پی آج ملک کی سب سے بڑی پارٹی بن گئی ہے۔ اور دنیا میں سب سے پسندیدہ پارٹی ہونے کا بھی اعزاز بی جے پی کو حاصل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں آج بیس ریاستوں میں بی جے پی کو اقتدار حاصل ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے علاوہ کوئی بھی پارٹی رام مندر کی تعمیر کی حامی نہیں ہے ۔رام ولا س نے کہا کہ صرف بیس فیصد مسلمان کو چھوڑ کر ملک کاہر مسلمان چاہتا ہے کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر ہو ۔ انہوں نے کہا کہ ان ۲۰؍ فیصد مسلمانوں پر پاکستان مہربان ہے۔ او ر پاکستان کی خواہش ہے کہ ہندوستان میں ہندو مسلمان اسی طرح سے لڑتے رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہندو مسلمان کو آپس میں لڑوانے کیلئے پاکستان ہندوستان میں اربوں ڈالرس بھیجتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ 2018ء کے آخر میں ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کا آغاز ہوجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں وزیر اعظم ، صدر جمہوریہ ، ملک کی ۲۰؍ ریاستوں میں بی جے پی کا اقتدار میں ہونا اس بات کی جانب اشارہ ہے کہ ہر کوئی رام مندر کی تعمیر میں اپنی حصہ داری ادا کرنا چاہتا ہے ۔