فوجیوں کے خون پر سیاست کررہے ہیں نریندرمودی:راہل گاندھی

بھوانی-کانگریس صدر راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندرمودی پر الیکشن میں فوج کا نام استعمال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ مسٹر مودی کو ملک کے عوام سے معافی مانگنی چاہئے ۔آج ملک کی سرحدوں پر فوجی اپنا خون بہارہے ہیں اور مسٹر مودی اس پر سیاست کررہے ہیں۔

مسٹر گاندھی نے یہاں کہا کہ وہ جان دے دیں گے پر فوج کا استعمال سیاست میں نہیں کریں گے ۔

انہوں وعدہ کیا کہ ان کی حکومت آنے پر نیم فوجی دستوں کے جوانوں کو بھی فوج کی طرح شہید کا درجہ دیا جائے گا۔انہوں نے انصاف کے منصوبے سے معیشت کا حساب کتاب بھی لوگوں کو سمجھاتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت آنے پر غریب کی جیب میں پیسہ آئے گا۔بند کارخانے شروع ہوں گے ۔

مسٹر گاندھی بھوانی مہیندرگڑھ لوک سبھا امیدوار ریتو چودھری کی کروڑی مل پارک میں منعقد انتخابی ریلی سے خطاب کررہے تھے ۔ہریانہ انچارج غلام نبی آزاد ،ریتو چودھری نے بھی ریلی سے خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسٹر نریندر مودی کہتے تھے کہ آپ انہیں وزیراعظم بناؤ،تو وہ آپ کے چوکیدار بن کر دکھائیں گے لیکن انہوں نے آپ کو چھوڑ کر اڈانی،امبانی اور میہل کی چوکیداری کرنی شروع کردی ۔نوٹوں کی منسوخی اور گبر سنگھ ٹیکس یعنی جی ایس ٹی کی وجہ سے ملک بھر میں کئی صنعتیں بند ہوئی ہیں۔لوگ بے روزگار ہوگئے لیکن مودی حکومت امیروں کی چوکیداری میں مصروف رہی۔

مسٹر گاندھی نے انصاف منصوبے کے سلسلے میں کہا کہ اس کا پیسہ براہ راست خواتین کے کھاتے میں جائے گا۔پانچ سال میں مودی نے ناانصافی کی حکومت چلائی اب ہم انصاف کی حکومت چلائیں گے ۔مسٹر مودی نے نوجوانوں کو سب سے بڑا دھوکہ دیا۔وہ نوجوانوں کو روزگار دیں گے لیکن آج سب سے زیادہ 22لاکھ سرکاری ملازمتیں خالی پڑی ہیں۔دس لاکھ نوجوانوں کو پنچایتوں میں روزگار دیا جاسکتا ہے

۔ہماری حکومت یہ روزگار دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے اپنے انتخابی منشورمیں ،کاروبار،زراعت،روزگار کو فروغ دینے کے لئے کئی چیزیں شامل کی ہیں ۔حکومت بننے پر وہ پوری طرح سے اپنے منشور کو نافذ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ بھوانی کو منی کیوبا کے نام سے جانا جاتا ہے ۔باکسنگ میں بھوانی نے ملک میں ہی نہیں بلکہ دنیا میں نام کما یا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال پہلے ملک کی سیاست میں بھی ایک باکسر آیا تھا جس کا نام نریندرمودی ہے ۔

باکسر نریندرمودی کو بے روزگاری،کسانوں کے مسائل اور بدعنوانی سے لڑنا تھا لیکن اس کے بدلے وہ مڑے اور اپنے کوچ لال کرشن اڈوانی اور اپنی ٹیم کو ہی مکا ماردیا۔اس کے بعد باکسر مودی بھیڑ میں گئے اور چھوٹے تاجروں اور کسانوں کو مکا مارا۔حکومت سے ہر طبقہ پریشان ہے ۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سی ایل پی لیڈر کرن چودھری نے کہا کہ آج نریندرمودی ملک کو گمراہ کررہے ہیں۔ملک کے وزیراعظم حب الوطنی کی سیاست کرتے ہیں۔مسٹرمودی نہیں مداری ہیں۔الیکشن سے پہلے جھنجھنا لے کر آتے ہیں گمراہ کرنے کے لئے ۔اچھے دن برے دنوں میں تبدیل کردئے ۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اب وہ شروتی کوسنبھالیں ۔ملک اور ریاست سے مسٹر مودی کو بھگانے کا وقت آگیا۔جھوٹ، لوٹ اور جملے کی حکومت کے جانے کا وقت آگیا۔

واضح رہے کہ اسی اسٹیج سے راہل گاندھی کی دادی سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کے ذریعہ سابق وزیراعلی چودھری بنسی لال کے لئے خطاب کرکے مضبوط سیاست کی بنیاد ڈالی گئی تھی۔