واشنگٹن// امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ فرانس میں تیل کی قیمتوں میں اضافے پر جاری احتجاج میں مظاہرین ’ہمیں ٹرمپ چاہیے‘ کے نعرے لگا رہے ہیں۔ خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس میں تیل کی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر مظاہرین وزیراعظم ایڈوارڈ فلپ کی یقین دہانیوں اور قیمتوں کو 90 دن کے لیے معطل کرنے کے اعلان پر راضی نہیں۔
پْرتشدد مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، پولیس اور مظاہرین کے درمیان تازہ جھڑپوں میں ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے، پولیس نے مزید 1700 مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔ جس کے بعد مظاہرین کا صدر ایمانیول میکرون کے مستعفی ہونے کا ایک نکاتی مطالبہ سامنے ا?یا ہے۔ اسی دوران فرانس میں جاری فسادات پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا جلتی پر تیل چھڑکنے والا بیان سامنے آیا ہے، امریکی صدر نے اپنی ایک ٹویٹ میں مضحکہ خیز دعویٰ کیا ہے کہ فرانس میں مظاہرین ’ہمیں ٹرمپ چاہیئے‘ کے نعرے لگا رہے ہیں۔ امریکی صدر نے مزید کہا کہ پیرس میں حکومت اور مظاہرین کے درمیان طے پانے والا معاہدہ سود مند ثابت نہیں ہوا، ملک بھر میں مظاہرین زائد قیمتیں ادا کرنے کو تیار نہیں۔
صدر ٹرمپ کو فرانس میں مظاہرین کی جانب سے اپنے حق میں نعرے لگانے سے متعلق غلط فہمی دائیں بازو کے متحرک کارکن کی ایک ٹوئٹ سے ہوئی جس میں انہوں نے کہا کہ مظاہرین جو 3 نعرے بلند کر رہے ہیں ان میں سے ایک ’ہمیں ٹرمپ چاہیئے‘ بھی ہے۔ درحقیقت ٹرمپ اور ان کے حامیوں کو یہ غلط فہمی لندن میں امریکی صدر کی آمد پر استقبال کے لیے جمع ہونے والے ایک اجتماع کی ویڈیو دوبارہ وائرل ہونے سے ہوئی۔ اس ویڈیو میں ایک شخص ٹرمپ کی شکل کا ماسک لگائے ہوئے ہے اور استقبال کے لیے موجود افراد کے ہمراہ ہمیں ٹرمپ چاہیئے کے نعرے لگا رہا ہے۔