حیدرآباد۔ تلنگانہ ریاست کے بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے منگل کے روز کہاکہ روہنگیائی اور بنگلہ دیشی تارکین وطن اگرعزت کے ساتھ انڈیا چھوڑنے سے انکار کررہے ہیں تو انہیں گولی ماردینا چاہئے۔
نیوز ایجنسی اے این ائی کے مطابق سنگھ نے کہاکہ’’ اگر یہ روہنگیائی اور بنگلہ دیشی غیر قانونی تارکین وطن ہندوستان چھوڑنے کے لئے تیار نہیں ہوتے ہیں ‘ تو پھر شوٹ اور ختم کردینا چاہئے۔پھر اس کے بعد ہی ہمارے ملک محفوظ رہے گا‘‘۔
راجہ سنگھ کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب آسام میں نیشنل رجسٹرار آف سٹیزن کے آخری مسودہ میں چالیس لاکھ لوگوں کے ناموں کی عدم شمولیت کے سبب عوام میں بے چینی کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔
راجستھان کے الور میں گائے کی تسکری کے شبہ میں ہجوم کے ہاتھوں ایک مسلم شخص کی پیٹائی میں موت کے واقعے کے پیش نظر راجہ سنگھ نے پیر کے روز کہاتھا کہ گائے کو ’’راشٹر ماتا‘‘ کا درجہ فراہم کئے جانے تک لینچنگ کے واقعات میں کمی نہیں ائے گی ۔
یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ راجہ سنگھ نے اس طرح کا متنازع بیان دیا ہے۔ ماضی میں راجہ سنگھ کے متنازعہ بیان کی ایک طویل فہرست ہے جس کا واحد مقصد پولرائزیشن کی سیاست ہے۔
مگر افسوس کی بات یہ ہے کہ ریاستی پولیس نفرت پھیلانے کی کوشش میں دئے جانے والے اس طرح کے بیانات پر کاروائی سے قاصر ہے ۔حالانکہ اشتعال انگیزی ‘ نفرت پھیلانے کی کوشش‘ اور گمراہ کن بیان بازیوں پر مشتمل درجنوں مقدمات بھی راجہ سنگھ جیسے رکن اسمبلی پر درج ہیں ۔