نئی دہلی : بالی ووڈ میں ۵۰ او ر۶۰؍ دہائی کی مقبول اداکارہ شکیلہ بے مثال حسن اور لاجواب اداؤں کی ملک تھیں ۔ شکیلہ نے ۱۵؍ سال کے لمبے عرصے میں تقریبا ۵۰؍ فلموں میں کام کیا ۔ اور اپنی بہترین اداکاری سے ناظرین کو مسحور کردیاتھا ۔ شکیلہ کی پیدائش یکم جنوری 1935ء میں ہواتھا اور ان کا اصلی نام بادشاہ جہاں تھا ۔شکیلہ کے آباء اجداد افغانستان او رایران کے شاہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے ۔حکمرانی کے خاندانی جھگڑے میں ان کے دادا دادی مارے گئے ۔
چار سال کی شکیلہ کو لے کر ان کے والد اورپھوپھی نے جان بچاکر ممبئی آگئے تھے ۔شکیلہ کی ابتدائی تعلیم گھر پر ہی ہوئی ۔کچھ دن بعد ان کے والد کا انتقال ہوگیا ۔ شکیلہ کی پرورش کی ذمہ داری ان کی پھوپھی کے ذمہ آگئی ۔فلمو ں میں آنے کی وجہ خود شکیلہ کا کہنا تھا کہ ان کی پھوپھی کوفلمیں دیکھنے کا بہت شوق تھا اور وہ مجھے ساتھ لے کر اکثر فلمیں دیکھنے جایا کرتی تھیں۔ عبد الرشید او رمحبوب خان جیسے فلم سازوں کے ساتھ ان کے تعلقات بہت اچھے تھے ۔ عبدالرشید نے شکیلہ کی فلموں میں دلچسپی دیکھ کر انہیں اپنی فلم ’’داستان‘‘ میں ایک تیرہ چودہ سال کی لڑکی کا رول دیا ۔ شکیلہ نے اس فلم کے ذریعہ باقاعدہ اپنے فلمی کیریر کا آغاز کیا تھا ۔
اس فلم میں ان کا اصلی نام بادشاہ جہاں سے بدل کر شکیلہ رکھ دیا گیا تھا ۔ اس فلم میں انہوں نے معروف فلم اداکارہ ثریا کے ساتھ کام کیا تھا ۔فلم داستان کے بعد شکیلہ نے گم راستہ ، خوبصورت ، راج رانی ، سلونی ، ہند باد سیلر ، آغوش اور ارمان میں بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کیا تھا ۔فلم جھانسی کی رانی میں شکیلہ نے ہیروئن مہتاب کے بچپن کا رول ادا کیا تھا ۔1953ء میں شکیلہ کو فلم ’’ مد مست ‘‘ میں این اے انصاری کے ساتھ کلیدی کردار نبھانے کا موقع ملا ۔اس کے بعد راج محل او ر شہنشاہ میں بھی بطور ہیروئن کام کیا ۔
اس زمانے کی مشہور اداکارہ مینا کماری کے بے حد مصروف ہونے کی وجہ سے ہومی واڈیا نے اپنی فلم علی بابا چالیس چور کیلئے شکیلہ کو دس ہزار روپے کی خطیر رقم دے کر اس فلم کیلئے سائن کیا تھا ۔اور یہ فلم زبر دست کامیاب رہی ۔ان پر فلمائے گئے نغمے ’’ بابوجی دھیرے چلنا‘‘ ’’ سو بار جنم لیں گے ‘‘ ’’ نیند نا مجھ کو آئے‘‘ جیسے نغمے آج بھی لوگ گنگنا تے ہیں ۔ انہوں نے اپنے کیرئیر میں بہت سارے ہٹ فلمیں دیں ہیں ۔
اس خوبصورت اداکارہ کا انتقال 82عمر میں قلب پر حملہ کے باعث ۲۰؍ ستمبر ۲۰۱۷ء کو ممبئی میں ہوا ۔ انہیں ماہم کے ایک قبرستان میں دفن کیاگیا ۔
انہوں نے ایک غیر فلم اداکار سے شادی کی ۔ انہیں ایک لڑکی تھی ۔ جس نے خودکشی کرلی ۔شکیلہ کی ایک بہن نور نے مشہور مزاحیہ اداکار جانی واکر سے شادی کی ۔