سونیاگاندھی کی میزبانی میں منعقد ہونے والے عشائیہ میں جیتن رام مانجی کی شرکت

نئی دہلی۔ بہار کے سابق چیف منسٹر اور ہندوستان عوام مورچہ( ایچ اے ایم) کے صدر جیتن رام مانجی مارچ13کو کانگریس کی سابق صدر سونیاگاندھی کی میزبانی میں منعقد ہونے والے عشائیہ میں شرکت کریں گے‘ مذکورہ ڈنرکا اہتمام تمام اپوزیشن لیڈران کے اعزاز میں کیاجارہا ہے۔

قومی راجدھانی میں منعقد ہونے والی ڈنر میں شریک ہونے کے لئے سینئر کانگریس لیڈر احمد پٹیل نے جیتن رام مانجی کو دعوت دی ہے۔

حالیہ دنو ں میں مانجی نے نیشنل ڈیموکرٹیک الائنس سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے راشٹریہ جنتا دل کی زیرقیادت عظیم اتحاد میں شمولیت اختیار کی ہے۔

سمجھا جارہا ہے کہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتوں کے حکومت پر دھاوے کی حکمت عملی کی تیاری کے لئے ڈنر طلب کیاگیاہے۔

خبر یہ بھی ہے کہ سونیاگاندھی نے ڈی ایم کے کے ورکنگ صدر ایم کے اسٹالن ‘ بہار کے سابق ڈپٹی چیف منسٹر تیجوی یادو اور مختلف ریاستوں اور سیاسی پارٹیاں جو نیشنل ڈیموکرٹیک الائنس کا حصہ نہیں ہیں کے اراکین کو بھی ڈنر میں مدعو کیاگیا ہے۔

کانگریس اپوزیشن پارٹیوں کے ایک عظیم اتحاد کی تیاری میں جٹی ہوئی ہے تاکہ 2019کے لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی کو شکست دے سکے۔