وزیراعظم نریندر مودی کے بھی سکیورٹی اہل کاروں کے ساتھ سززنش کے ویڈیو سوشیل میڈیا پر اکثر وائیر ل ہوتے رہتے ہیں
حیدرآباد۔الیکشن کا ماحول گرما ہے‘ انتخابی پارہ عروج پر ہے‘ تمام سیاسی جماعتیں سترویں لوک سبھا میں اپنے وجود کا احساس دلانے اور رائے دہندوں کو راغب کرنے میں مصروف ہیں۔ مجوزہ لوک سبھا الیکشن میں مقابلہ مرکز میں برسراقتدار بی جے پی او رکانگریس پارٹی کے درمیان مانا جارہا ہے۔
علاقائی سیاسی جماعتیں بھی اس مرتبہ کافی سرگرم ہیں اور وہ اپنے دم پر جہاں بی جے پی کو شکست فاش کرنے کے دعوی کررہے ہیں تو کئی ایسی ریاستیں ہیں جہاں اپوزیشن میں رہنے کے باوجود علاقائی جماعتیں کانگریس سے بھی دوری اختیار کئے ہوئے ہیں۔انتخابی مہم کے دوران ہر سیاسی جماعت اپنے سپہ سالار او رامیدواروں کی خوبیاں دیکھانے میں لگی ہوئی ہے تاکہ رائے دہندوں کو راغب کیاجاسکے۔
اکثر دیکھنے میں آیا ہے کہ وی وی ائی پی لیڈران کو زیڈ پلس سکیورٹی فراہم کی جاتی ہے ۔
سکیورٹی کایہ وہ گھیرا ہے جس کے سامنے پرندہ بھی پر نہیں مارسکتا ۔ وزیراعظم نریندر مودی کو جب کبھی ہم روڈ شو یا جلسہ عام میں دیکھتے ہیں تو ان کے اطراف واکناف میں سیاہ لباس زیب تن کئے سکیورٹی اہل کاروں کو بھاگ دوڑ کرتے ‘ لوگوں کو ان سے دور کرنے کے مناظر ہماری نظروں سے گذرتے ہیں ۔
ٹھیک اسی طرح کانگریس پارٹی کے صدر راہول گاندھی‘ یو پی اے چیر پرسن سونیاگاندھی‘ یا اے ائی سی سی جنرل سکریٹری و مغربی اترپردیش کی انچارج پرینکا گاندھی واڈرا کے اطراف واکناف میں سکیورٹی کافی سخت ہوتی ہے۔
ان دنوں سوشیل میڈیا پر ایک ویڈیو وائیرل ہورہا ہے جس میں کانگریس صدر راہول گاندھی تروپتی تروملا کے دورے پر ہیں اورجب وہ پیدل چل رہے ہیں توان کے اطراف واکناف میں سکیورٹی اہل کاروں اور پولیس کا سخت پھیرا ہے ۔
راہول گاندھی جس قدر تیزی سے چل رہے ہیں ‘ سکیورٹی اہل کار بھی اتنا ہی تیزی کے ساتھ چل رہے ہیں۔ اسی دوران راہول گاندھی ایک پانی کا بوتل جو ان کے ہاتھ میں اپنے سامنے چل رہے سکیورٹی اہل کار کو پینے کے لئے پیش کرتے ہیں‘ جس پر سکیورٹی اہل کار مسکراکر پانی لینے سے انکار کرتا ہے ۔
اس پورے ویڈیو میں کئی مرتبہ سکیورٹی اہل کار راہول گاندھی کے روبرو آجاتے ہیں ‘ اس کے باوجود بھی وہ انہیں نہ تو ہٹنے کے لئے اصرار کرتے ہیں اور ان کے سامنے چلنے پر سکیورٹی اہل کار کی کوئی سرزنش کررہے ہیں۔ سوشیل میڈیاپر یہ ویڈیو تیزی کیساتھ وائیرل ہورہا ہے ۔
حالانکہ یہ ویڈیو کچھ ماہ پرانا ہے مگر ان دنوں سوشیل میڈیا پر وائیرل ہونے کے بعد لوگوں وزیراعظم نریندر مودی کے ان وائیرل ویڈیوز کے حوالے سے سوال کررہے ہیں جس میں وہ سکیورٹی اہل کاروں کو ان کے اور کمیر ے کے درمیان آنے سے باز رہنے کی تلقین کرتے ہوئے سکیورٹی اہل کار کو ڈانٹ رہے ہیں اور سکیورٹی دستے کے چیف سے ان کی شکایت کررہے ہیں ۔