راہل گاندھی میں مودی کو شکست دینے کی صلاحیت : اسٹالین ، مودی ملک کے عظیم اداروں کو برباد کررہے ہیں : راہل گاندھی 

چینائی : ڈی ایم کے صدر دفتر میں اتوارکو ایم کروناندھی کے مجسمہ کی رونمائی تقریب میں اپوزیشن اتحاد کی جھلک نظر آئی ۔ اس موقع پر اہم بات یہ رہی کہ ڈی ایم کے سربراہ ایم کے اسٹالین نے وزیر اعظم کے عہدہ کیلئے کانگریس صدر راہل گاندھی کی امیدواری کی حمایت کا اعلان کیا ہے ۔ اسٹالین نے کہا کہ راہل گاندھی میں مودی حکومت کو شکست دینے کی قابلیت ہے ۔

ٹامل ناڈو وزیر اعظم کے عہدہ کیلئے راہل گاندھی کے نام کی تجویز رکھتا ہے ۔ وزیر اعظم مودی پر حملہ کرتے ہوئے اسٹالین نے کہا کہ وزیراعظم کے دور میں ملک میں ۱۵؍ سال پیچھے چلاگیا ہے اور اس بار بھی مودی وزیراعظم بنیں گے تو ملک ۵۰؍ سال پیچھے چلاجائیگا ۔ کانگریس صدر راہل گاندھی نے اس دوران مودی حکومت پر جم کر نشانہ سادھا ۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ہم کسی کوبھی اپنے ملک کے ممتاز اداروں کو برباد کرنے نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ کروناندھی نے اس ملک کے عظیم اداروں کی حفاظت کی تھی لیکن اب ملک میں ایسی حکومت ہے جو مسلسل تمل ناڈو اور ملک کی آواز و ثقافت پر حملہ کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کروناندھی جی کو یاد کرتے ہوئے ہم لوگ ایک ساتھ مل کر آنے والے انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینے جارہے ہیں ۔ اس موقع پر کروناندھی کے مجسمہ کی نقاب کشائی کانگریس لیڈر سونیا گاندھی کے ہاتھوں عمل میں آئی ۔ اس موقع پر آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرا بابو نائیڈو اور اداکار رجنی کانت اور دیگر شریک تھے ۔