نئی دہلی : انگریزی اخبار پوانیر اور دیگر اخبارات کے مطابق دہلی یونیورسٹی ایم اے پولیٹیکل سائنس میں اسلام اوربین الاقوامی تعلقات کے تحت اسلام او ربین الااقوامی دہشت گردی کے عنوان سے کورس شروع کرنے جارہی ہے ۔اس کا سخت نوٹس لیتے ہوئے دہلی اقلیتی کمیشن نے دہلی یونیورسٹی کے رجسٹرار کو نوٹس جاری کرکے استفسار کیا کہ اسلامی دہشت گردی پر ایک خاص کورس شروع کرتے ہوئے کیا اس بات پر غور کیا گیا ہے کہ بہت سے مذاہب کے لوگ دنیا میں دہشت گردی میں ملوث رہے ہیں ۔
ایسی حالت میں صرف اسلامی دہشت گردی پر کورس شروع کرنے سے معاشرہ میں غلط پیغام جائے گا ۔فرقہ وارانہ تناؤ بڑھے گا اور نفرت کی سیاست کو ہوا ملے گی ۔اس تعلق سے کمیشن نے رجسٹرار سے مذکورہ کو رس کے بارے میں مکمل تفصیل مانگی ہے ۔اور ان کتابوں کی فہرست بھی طلب کی ہے جس کورس میں پڑھائے جائیں گے ۔اوریہ بھی سوال کیا کہ کیا ا س کورس کے تحت دوسرے مذاہب کے دہشت گردی میں ملوث اشخاص اورگروپس کے بارے میں بھی پڑھایا جائے گا ۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں اس طرح کا کورس شروع کرنے کی ابتداء ہوئی تھی لیکن کمیشن کے فوری مداخلت کے بعد جواہر لال نہرو یونیورسٹی انتظامیہ نے اس کورس کو بند کردیا ۔