ابوظہبی: دبئی پولیس نے شہر کو بھکاریوں سے پاک بنانے کیلئے ایک مہم ”ٹو گیدر اگینسٹ بیگنگ“ شروع کی ہے۔ اس مہم کے تحت دبئی پولیس نے کئی فقیروں کو گرفتار کیا ہے۔ انہی میں سے ایک براعظم سے تعلق رکھنے والے سے چونکا دینے والی معلومات کا انکشاف ہوا۔ دبئی کی القوزہ پولیس کے مطابق اس بر اعظم فقیر نے بتایا کہ وہ بھیک مانگ کرماہانہ ایک لاکھ درہم کمالیتا ہے۔ ایکٹنگ ڈائریکٹر آف پولیس عبدالحمید عبداللہ ہاشمی نے بتایا کہ کئی لوگ دبئی کو ویزٹ ویزا لے کر آجاتے ہیں۔ او ریہاں آکر بھیک مانگنا شروع کردیتے ہیں جس سے انہیں اچھی خاصی کمائی بھی ہوجاتی ہے۔ اس میں کچھ ٹورسٹ کمپنیاں بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے معاملات کی تحقیقات کررہے ہیں او رجو ٹورسٹ کمپنی مجرم پائی گئی تو ہم ان کے خلا ف سخت کارروائی کریں گے اور انہیں دو ہزار درہم کا چالان عائد کریں گے او رآئندہ اس طرح کے معاملات دوبارہ پیش آئیں گے تو ہم انہیں بلیک لسٹ میں ڈال دیں گے۔ گداگروں کو گرفتار کرنے کی مہم کے تعلق سے عبد الحمید ہاشمی نے بتایا کہ ہم ماہ رمضان المبارک کے پیش نظر شہر کو گداگروں سے پاک کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایشین گداگر جس کو گرفتار کیا گیا تھا اس کے پاس سے ایک لاکھ درہم برآمد کئے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ایک چھوٹا بچہ اور ایک نومولود بچہ بھی تھا۔
محکمہ مذہبی امور کے صدر محمد مہدی علی السویدی نے بتایا کہ دبئی میں ۷۱/ خیراتی او رفلاحی تنظیمیں ہیں عوام چاہے تو ان تنظیموں میں اپنی رقم وغیرہ دے سکتی ہے۔ یہ تنظیمیں مستحق غرباء و مساکین کی امداد کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھیک مانگنا دبئی قانون کے مطابق قابل جرم عمل ہے۔ کئی گداگروں کو دبئی پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ خاتون گداگروں کو گرفتار کرنے کیلئے خاتون پولیس نے ایک خصوصی ٹیم خاص طور پر شاپنگ مال اور عوامی جگہوں پر گشت کررہی ہے۔ دبئی پولیس کے مطابق 2018میں 243گداگر وں کو گرفتار کیا گیا۔ ان میں 136مرد او ر107عورتیں شامل تھیں۔