حیدرآباد :شہر کے مضافاتی علاقہ نارسنگی میں پیش آئے ایک افسوس ناک واقعہ میں کھیل کے دوران ایک ۷؍ سالہ معصوم لڑکا برقی کھمبا کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پہلی جماعت کا طالب علم مونیش جس کا تعلق ٹاملناڈو سے ہے اپنے والدین کے ساتھ پی ای بی ایل سٹی گیٹیڈ کمیونیٹی واقع نارسنگی میں مقیم تھا او رکل رات کھیل کے دوران اس نے ایک برقی کھمبا کو چھولیا او راچانک برقی کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ یہ تمام منظر سی سی ٹی وی کیمرہ میں قید ہوگیا او رپولیس نے اس کیس کی تحقیقات کا آغاز کردیا ۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ کل اس وقت پیش آیا جب مونشدیگر بچوں کیساتھ کھیل رہا تھا او ربرقی کھمبے کو چھونے سے وہ فوت ہوگیا لیکن دیگر بچوں کو اس کی موت کا پتہ چل نہ سکا ۔ تقریبا ۱۰؍ تا ۱۵؍ منٹ تک اسی کھمبے سے چمٹا رہا اور موت واقع ہونے کے بعد زمین پر گر پڑا ۔
نارسنگی پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر کے ایم راگھویندرا نے بتایا کہ برقی کھمبوں کے مینیٹننس کرنے والی کمپنی گولڈ اسٹار ایجنسی کے خلاف ایک مقدمہ درج کردیاگیا اورلڑکے کا پوسٹ مارٹم کے بعد اس کی نعش کو ماں باپ کے حوالہ کردیاگیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔