حیدرآباد۔ بھری عوام کے سامنے خسر کے ہاتھوں داماد کا قتل

حیدرآباد:جمعہ کی شب اپنے داماد کے برتاؤسے برہم شخص نے پرانے شہر کے بھوانی نگر علاقے میں مبینہ طور پر اپنے داماد کا قتل کردیا۔

متوفی شخص کی شناخت فیروز کی حیثیت سے کی گئی ہے جس کی دوسال قبل ایوب کی دختر سے شادی ہوئی تھی مگر وہ معمولی باتوں پر اپنی بیوی کوہراساں وپریشان کررہا تھا۔

بھوانی نگر پولیس نے کہاکہ محمد فیروز جب سڑک کے کنارے چل رہاتھا تب ہی اس کے خسر محمد ایوب اور اس کے تین ساتھی فیروزکے تعقب میں تھے او رموقع ملتے ہیں ان لوگوں نے بھری عوام کے سامنے فیروز کا قتل کردیا۔

مذکورہ ملزمین نے فیروز پر چاقو سے متواتر حملے کئے اور پولیس میں خودسپردگی اختیار کرلی۔ دوران تفتیش ایوب نے کہاکہ شادی کے بعد سے ہی فیروز اس کی بیٹی کو مسلسل ہراساں وپریشان کررہا تھا۔

وہ ہمیشہ نشہ کی حالت میں گھر آتا اور چھوٹی سے نوک جھونک کے بعد بیوی کو بے تحاشہ پیٹتا تھا۔پولیس نے کہاکہ ’’ جمعہ کی رات مذکورہ ملزمین نے فیصلہ کیاکہ فیروز کاکام تمام کردیں گے۔

فیروز کو گردن ‘ پیٹ اور پیروں پر گہرے زخم تھے وہ موقع پر ہی فوت ہوگیا‘‘۔