نئی دہلی : عہدیداروں او رکارکنوں کو اپنے نظریہ سے وابستہ رکھنے کیلئے بی جے پی نے ٹریننگ کی اپنی کتاب میں کہا کہ ہندو ستان میں ماؤنوازوں کو پاکستان او رچین سے مسلسل مدد مل رہی ہے او ریہ ملک کی داخلی سلامتی کے لئے خطرہ ہے ۔اس رہنما کتاب میں مزید کہا گیا کہ ماؤنواز شمال مشرقی ریاستوں میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے تعاون سے مبینہ طور پر حملہ کرنے کی سازش کررہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اربن نکسل کے نام پر حالیہ دنو ں انسانی حقوق کے کارکنوں کی گرفتاری کے معاملہ میں زبر دست ہنگامہ آرائی ہوئی ہے ۔ اپوزیشن نے ان گرفتاریوں کی سخت مذمت کی ہے جب کہ بی جے پی نے مہارشٹرا پولیس کی کارروائی کا دفاع کیا ہے ۔ کتاب میں دعوی کیاگیا ہے کہ ملک کی آبادی کو ’’جہادی او رمسیحی ‘‘ کے بھیس میں کئی برسوں سے بدلنے کی سازش کی جارہی ہے۔
اس میں مزید دعوی کیا گیا ہے کہ یہ ملک کی داخلی سلامتی کیلئے بڑا خطرہ ہے اور اس میں چند باہری ایجنسیاں بھی ملوث ہیں اور اس کیلئے پیسہ او رطاقت کا استعمال کیا جارہا ہے۔ اس کتاب میں مزید کہا گیا کہ ملک میں تبدیلی مذہب اس تیز رفتار ی کے ساتھ ہورہی ہے کہ اس نے چند ریاستوں میں آبادی میں تبدیلی پیدا کردی ہے او ران ریاستوں میں عوام اس سے بہت زیادہ مشتعل ہے او ران کا غصہ کسی بھی وقت پھوٹ سکتاہے۔
اس کتاب میں چند سیاسی پارٹیوں پر الزام لگایا گیا کہ وہ تبدیلی مذہب کو فروغ دے رہے ہیں او راس کی پس پردہ حمایت کررہے ہیں۔