حیدرآباد۔تلنگانہ کانگریس نے اس بات کی تجویز تیار کی ہے کہ اگر کانگریس‘ تلنگانہ تلگودیشم پارٹی‘ تلنگانہ جنا سمیتی اور سی پی ائی پر مشتمل عظیم اتحاد تشکیل پاتا ہے تو تلنگانہ جنا سمیتی کے بانی وصدر پروفیسر کودانڈرام کو ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدے کی پیشکش کی جائے گی۔
اتوار کے روزتلنگانہ کانگریس کمیٹی کے اجلاس کے دوران اس بات پر بھی غور کیاگیا کہ کسی مخصوص حصہ پرتوجہہ مرکوز کرنے کے بجائے پروفیسر کودانڈرام کاریاست کے تمام 119حلقہ جات میں دورہ او رعوامی جلسوں سے خطاب عظیم اتحاد کے لئے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کانگریس کور کمیٹی نے اس بات پر بھی تبادلہ خیال کیاہے کہ تلنگانہ جنا سمیتی کو مختص کردہ سیٹوں پر ان کے امیدوار کوکانگریس کے نشان پر الیکشن لڑنے کے لئے رضامند کیاجائے۔
یہ اس لئے کیونکہ تلنگانہ جنا سمیتی کو اب تک الیکشن کمیشن نے نشان جاری نہیں کیا اور اس ماہ کے آخر تک نشان ملنے کی توقع ہے لہذا لوگوں تک نشان کی رسائی میں دیر ہوجائے گی۔
کانگریس ورکنگ پریسڈنٹ پونم پربھاکر اور تلنگانہ جنا سمیتی لیڈر سابق ایم ایل سی دلیپ کمار نے کہاکہ ’’ تلنگانہ کانگریس کی قیادت نے ایک چار رکنی کمیٹی سی ایل پی لیڈر جانا ریڈی کی قیادت میں تشکیل دی ہے جو سیٹوں کی تقسیم کے متعلق بات کررہی ہے۔ ابھی تک کوئی قطعی فیصلہ نہیں لیاگیا ہے‘‘۔
جب اس سلسلے میں کودانڈرام سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی گئی تو دستیاب نہیں تھے مگر ٹی جے ایس کے ترجمان جی وینکٹریڈی نے بتایا کہ کودانڈرام کے لئے ڈپٹی چیف منسٹر کی پیشکش کانگریس کا داخلہ معاملہ ہے۔