کولکتہ : بھوپال میں سیمی کے 8کارکنوں کا انکاونٹر میں ہلاک کئے جانے کے پس پردہ’’ سیاسی سازش‘‘ کارفرما ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے ترنمول کانگریس سربراہ ممتابنرجی نے آج کہاکہ ایسے کئی سوالات جن کا جواب نہیں مل سکا۔
انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ ہم اس نام نہاد انکاونٹر کے نظریہ سے اتفاق نہیں کرتے۔ کئی سوالات لوگوں کے ذہن میں ابھر رہے ہیں جن کا جواب نہیں مل سکا۔
یہ سب مخصوص طبقہ کے خلاف سیاسی انتقام کے نام پر کیاجارہا ہے لیکن اس طرح کے واقعات کے باعث قومی سلامتی او ریکجہتی کے بارے میں وہ فکر مند ہیں۔
واضح رہے کہ سیمی کے 8کارکنوں کا پیر کی شب جیل توڑ کر فرار ہونے کے الزام میں انکاونٹر کردیاگیا تھا۔
اس واقعہ پر ایک تنازع کھڑا ہوگیا اور اپوزیشن جماعتیں عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کررہی ہیں۔
پولیس کے دعوؤں کے بار ے میں شبہات پائے جاتے ہیں اور مختلف ویڈیو کلپس سے بھی انکاونٹر حقیقی ہونے کے بارے میں سوالات ابھررہے ہیں ۔