تہران : ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو تہران کے خلاف جارحانہ پالیسی کے تعلق سے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو اس بات کا ادراک ہونا چاہئے کہ ایران کے ساتھ جنگ تمام جنگو ں کی ماں ہوسکتی ہے ۔واضح رہے کہ ایران او رامریکہ کے درمیان تعلقات ۲۰۱۵ء میں ایران سے کئے گئے عالمی جوہری معاہدہ سے امریکہ کے رواں سال مئی میں علیحدہ ہونے سے زبر دست بحران کا شکار ہے ۔ایرانی سفارت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے حسن روحانی نے کہا کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ شیر کی دم سے نہ کھیلیں ورنہ پچھتانا پڑے گا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کو جان لینا چاہئے کہ ایران کے ساتھ امن تمام امن کی ماں ہے اورایران کے ساتھ جنگ تمام جنگوں کی ماں ہے ۔حسن روحانی نے ایرا نی تیل کی برآمدات کوروکنے کی صدر امریکہ کی دھمکی کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ ایران کو خلیج اورتیل کے لئے استعمال ہونے والی اہم گزر گاہ ہرمز میں برتری حاصل ہے ۔حسن روحانی نے کہا کہ جس کسی کو سیاست کی ذرا بھی سمجھ بوجھ ہے وہ ایسی بات نہیں کہے گا کہ ہم ایران سے تیل کی برآمدات کو روک سکتے ہیں ۔پوری تاریخ میں ہم آبی گزرگاہ کی سلامتی کے ضامن رہے ہیں ۔
ایک دن قبل ہی ایران کے مذہبی رہنما آیت اللہ خامنہ ای نے بھی صدر روحانی کے اس بیان کی حما یت کی تھی کہ ایران کی برآمدات کو اگر روکا گیا تو وہ خلیج کوتیل بند کردے گا ۔