انقلابی گلوکار غدر کی راہول گاندھی سے ملاقات ۔

تلنگانہ تحریک کے علمبردار اور انقلابی گلوکار غدر نے نئی دہلی میں کانگریس صدر راہول گاندھی اور یوپی اے چیر پرسن سونیاگاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ میں عظیم اتحاد کی حمایت میں انتخابی مہم چلانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اس سے قبل قیاس لگایاجارہاتھا کہ غدر تلنگانہ کے مجوزہ اسمبلی انتخابات میں کارگذار چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ کے مقابل الیکشن میں کھڑے ہونگے مگر راہول گاندھی سے ملاقات کے دوران یہ بات صاف ہوگئی ہے کہ غدر نہ صرف مقابلے کے لئے تیار ہیں بلکہ ریاست میں عظیم اتحاد کے لئے انتخابی مہم بھی چلائیں گے۔

غدر نے راہول گاندھی سے ملاقات کے بعد نئی دہلی میں میڈیاسے با ت کرتے ہوئے کہاکہ ملک اور علاقائی سطح پر فرقہ پرست او رسامراجی طاقتوں کا غلبہ بڑھ رہا ہے ان حالات میں سکیولر طاقتوں کو مضبوط ومستحکم بنانے کی ذمہ داری ہم پر عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ وہ نہ صرف کارگذار چیف منسٹر کے سی آر کا گجویل میں مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں بلکہ ریاست تلنگانہ میں عظیم اتحاد کے لئے بھی زور شور کے ساتھ انتخابی مہم چلائیں گے۔ واضح رہے کہ انقلابی گلوکار غدر کے نغمے تلنگانہ تحریک کی جان رہے ہیں۔

ایسا کوئی بھی موقع نہیں رہا جب غدر کے نغموں نے تلنگانہ تحریک میں شامل لوگوں کے اندر نئی جان نہیں ڈال دی ہو۔تلنگانہ تحریک میں مقبول ہونا والا غدر کا گیت ’’پوڈوستونا پدو میدا ‘ پڈوستونا کالاماں‘‘ آج بھی تلنگانہ کی ہر تقریب میں بجایاجاتا ہے۔

غدار تلنگانہ کا شمار تلنگانہ کے ان دانشواروں میں بھی جنھوں نے اپنی تحریرات کے ذریعہ تلنگانہ کے نوجوانوں کے اندر علیحدہ تلنگانہ جدوجہد کو تقویت پہنچانے کا حوصلہ ملا ہے۔

ریاست کے موجودہ سیاسی حالات میں غدر کا راہول گاندھی سے ملاقات کرنا اور اپنے بیٹے کے لئے ٹکٹ کی مانگ تلنگانہ کے سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔