سرینگر-وہ فوجی اہلکار جس نے یو پی کے بلند شہر میں اجتماعی تشدد کے ایک واقعہ کے دوران مبینہ طور پولیس آفیسر کو گولی مار کر ہلاک کیا تھا، کو شمالی کشمیر میں گرفتار کیا گیا ہے۔
این ڈی ٹی وی رپور ٹ کے مطابق مذکورہ فوجی اہلکار کو شمالی کشمیر کے سوپور میں گرفتار کیا گیا ہے۔
اس سے قبل ،مذکورہ جرم میں فوجی اہلکار کی شناخت کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اس کا نام جیتندرا ملک عرف جیتو فوجی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جیتو سرینگر میں تعینات ہے جس نے پولیس انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کو گولی مار کر ہلاک کیا۔
یو پی سے دو پولیس ٹیمیں کشمیر آئی ہوئی تھیں تاکہ بلند شہر کے اندر اجتماعی تشدد کے کئی ویڈیوز میں نظر آنے والے جیتو کو گرفتار کیا جاسکے۔
پہلے ملی اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ بلند شہر واقعہ کے فورا بعد جیتو جموں کشمیر بھاگ آیا تھا۔
بلند شہر میں پیش آئے اجتماعی تشدد کے واقعہ کے سلسلے میں کئی افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔
یہ واقعہ علاقے میں مبینہ گائو کشی کے بعد پیش آگیا۔
مقتول پولیس انسپکٹر مذکورہ علاقے میں حالات پر قابو پانے کیلئے ایک ٹیم کے ہمراہ گیا ہوا تھا جس کے دوران ایک بھیڑ نے ان پر حملہ کیا۔
اس سلسلے میں منظر عام پر آئی ایک ویڈیوکے مطابق پر تشدد بھیڑ پولیس اہلکار کا پیچھا کررہی ہے اور وہ ”مارو” ”اس کی بندوق لے لو” کی چیخیں دیتے سنائی دے رہے ہیں۔
انسپکٹر پر پہلے کسی تیز دھار والے ہتھیار سے حملہ کیا گیا اور بعد میں گولی مار کر ہلاک گیا گیا۔
ایسی ہی ایک اور ویڈیو میں ، جو بلوائیوں نے ہی شوٹ کی ہے، میں جیتو کو مقتول پولیس انسپکٹر کے بالکل سامنے دیکھا جاسکتا ہے۔
جیتو تشدد کے واقعہ کے دن گائوں میں ہی تھا جس کے بعد وہ جموں کشمیر بھاگ گیا۔