بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق صدر اور مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کانگریس کے سینئر رہنما منی شنکر ایر کے وزیر اعظم نریندر مودی پر دوبارہ کئے گئے نازیبا تبصرہ پر کانگریس صدر راہل گاندھی سے سوال کیا کہ کیا وہ اس مرتبہ ایر کے خیالات سے متفق ہیں۔
راجناتھ سنگھ نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں ایر کے بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا کہ ایر نے گجرات اسمبلی الیکشن کے دوران بھی وزیر اعظم مودی کو نیچ کہا تھا جس کے بعد ایر کو پارٹی سے معطل کردیا گیا تھا۔ بعد میں ان کی کانگریس میں بحالی ہوگئی تھی۔ اب پھر ایر نے اسی طرح کا بیان دہرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس بتائے کہ اس کا اب کیا خیال ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کیا راہل گاندھی اس مرتبہ ایر کے خیالات سے متفق ہیں-؟
مغربی بنگال میں سیاسی تشدد پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے سنگھ نے کہا کہ صحت مند جمہوریت میں سیاسی تشدد کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ کوئی خواہ کسی بھی جماعت سے تعلق رکھتا ہو سیاسی تشدد کو روکنا ہر کسی کی ذمہ داری ہے۔ ریاست میں قانون و انتظام ریاستی حکومت کی پہلی ذمہ داری ہوتی ہے اور اسی لئے مغربی بنگال میں جو کچھ بھی ہورہا ہے اسے روکنے کی ذمہ داری وزیر اعلی ممتا بنرجی کی ہے۔ انہیں اس ذمہ داری کو قبول کرنا چاہئے۔