ممتاز نیوز اینکر ابھیشار شرما نے بڑے افسوس کے ساتھ یہ بات کہی ہے کہ بی جے پی کی بڑی لیڈر اور مودی حکومت میں ایمانداری کے ساتھ اپنی وزرات کا عہدہ سنبھالنے والی سشما سوراج کے ساتھ مائیکرو بلاگینگ سائیڈ ٹوئٹر پر بدسلوکی کرنے والوں کو بی جے پی کے چالیس اراکین پارلیمنٹ فالو کرتے ہیں اس کے باوجود بھی ٹرول کرنے والی کی بدسلوکی کے خلاف کچھ بولنے سے قاصر ہیں۔
انہو ں نے کہاکہ نظریاتی اختلاف کسی کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے مگر افسوس کی بات یہ ہے کہ نچلی سطح تک جاکر کسی ایماندار او رفرض شناس وزیر کے ساتھ اس طرح کی بدسلوکی نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ اس پر کڑی کاروائی ہونے چاہئے تھا مگر ایک عورت کے ساتھ بدسلوکی کرنے والوں کو فالو کرنے والے بی جے پی اراکین پارلیمنٹ جس میں 16لوگوں کو خود مرکزی وزیر پیوش گوئل فالو کرتے ہیں خاموش رہے۔
اسی طرح ابھیشار شرما نے کہاکہ پرینکا چترویدی یقیناًان کے نظریات بی جے پی مخالف ہونگے جو ان کا جمہوری حق ہے مگر ان کے نظریات پر پرینکا چترویدی کو اس بات کی دھمکی دینا کہ ٹرول کرنے والا ان کی بیٹی کی عصمت ریزی کردیگا قابل افسوس ہے۔
انہو ں نے کہاکہ جہاں تک پرینکاچترویدی کی معصوم بیٹی کی بات ہے تو وہ اس بات سے واقف بھی نہیں ہوگی کہ دھمکی دینے والا درندہ سیاسی نظریاتی اختلافات کی بناء پر اس کی ما ں کو دھمکی دے رہا ہے ۔
مسٹر ابھیشار شرما نے کہاکہ ٹرول کے ذریعہ نچلی درجہ کی سیاست کو ہوا دینے والے کوئی او رنہیں بلکہ ان ٹرولس کو فالو کرنے والے خود ہیں۔ابھیشار نے مرکزی وزیر سشما سوراج کے ٹوئٹر پر کرائے گئے پول کا بھی ذکرکرتے ہوئے کہاکہ بدسلوکی اور بدزبانی کرنے والوں کی 43فیصد لوگوں نے حمایت کی ہے جو نہ صرف قابل مذمت بلکہ قابل افسوس بھی ہے۔
واضح رہے کہ لکھنو کے ایک پاسپورٹ افیسر نے بین مذہبی جوڑے کے پاسپورٹ کی اجرائی میں خلل ڈالتے ہوئے فرقہ وارنہ تبصرہ کیاتھا جس پر شکایت کے بعد متعلقہ محکمہ نے اس افیسر کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے اسکا تبادلہ گورکھپور کرادیا اور بین مذہبی جوڑے کا پاسپورٹ جنگی خطوط پر جاری کردیاگیا جس کے بعد ٹوئٹر پر سشما سوراج کے ساتھ ’ٹرول گینگ‘ نے انسانیت کوشرمسار کردینے والے الفاظ کااستعمال کیاتھا ۔
اسی طرح کانگر یس کی ترجمان پرینکا چترویدی کو بھی اسی گینگ نے دھمکی دیتے ہوئے ان کی معصوم بیٹی کا عصمت ریزی کردینے کا دھمکی دی تھی ۔ پرینکا چترویدی کی شکایت کے بعد اس کیس کے ضمن میں ایک شخص کی گرفتاری بھی عمل میں ائی ہے ۔