حیدرآباد:بیوی کومبینہ طور پر عصمت فروشی کیلئے مجبور کرنے والے شوہر جس کاتعلق ممبئی سے ہے کو مادنا پیٹ پولیس نے گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے بموجب 19سالہ فرحین فاطمہ ساکن مادنا پیٹ نے ڈی سی پی ساوتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنہ سے شکایت درج کروائی کہ سال2015میں اس کی شادی ممبئی سے تعلق رکھنے والے محمد یوسف عرف صدام متوطن دادر ممبئی سے ہوئی تھی۔
لڑکی نے بتایا کہ اس کا شوہر اور سسرالی رشتہ داردوں کاتعلق ہندو طبقے سے ہے اس حقیقت کو پوشید ہ رکھ کر مقامی افراد انور ‘ جہانگیر اور جاوید کی مدد سے شادی کروائی گئی۔
فرحین فاطمہ نے پولیس کو دی گئی شکایت میں بتایا کہ اس کے شوہر محمد یوسف نے اسے شادی کے بعد ممبئی منتقل کیا اور اسے عصمت فروشی کے لئے مسلسل مجبور کررہاتھا۔
اتنا ہی نہیں اسے شوہر او ردیگر سسرالی رشتہ داروں کی جانب سے مبینہ طور پر مزیدجہیز کے لئے بھی ہراساں وپریشان کیاجارہا تھاجس سے و ہ تنگ آکر اپنے والدین کی مدد سے حیدرآباد پہنچ گئی۔
مادنا پیٹ پولیس سے شکایت کے بعد اطمینان بخش کاروائی نہ ہونے کے سبب فرحین فاطمہ نے مجلس بچاؤ تحریک کے ترجمان امجد اللہ خان کی مددسے ڈی سی پی ساوتھ زون کے روبرو اپنی داستان بیان کی۔
پولیس مادناپیٹ کو اس سلسلہ میں فی الفور کاروائی کی ہدایت کے بعد تعزیرات ہند کی دفعہ 370( بردہ فروشی)417( دھوکہ دہی) اور انسداد جہیز ہراسانی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے شوہر محمدیوسف اور ساس رحمت بیگم کو نامپلی ریلوے اسٹیشن سے آج گرفتار کرلیاگیا ۔
انسپکٹر مادنا پیٹ مسٹر راجو نے بتایا کہ گرفتار شدہ شوہر اور ساس کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے انہیں چنچلگوڑ ہ جیل منتقل کردیاگیا ہے