نیویارک۔26 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ ہند سشما سوراج نے G-4 ممالک کے وزرا خارجہ کے ساتھ چہارشنبہ کو یہاں ایک میٹنگ کی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اصلاحات پر پیشرفت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے اپنی ٹویٹس میں کہا کہ سوراج نے جاپان، جرمنی اور برازیل کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ملاقات میں اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی مستقل اور غیر مستقل قسم کی رکنیت کی توسیع اور سیکورٹی اصلاحات میں پیش رفت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ کمار نے ٹویٹ کیا، ’’عام مفادات کے لئے مضبوطی ہمارا عزم ہے‘‘۔سشما سوراج اور دیگر عالمی رہنما اقوام متحدہ کی سالانہ جنرل اسمبلی میں شامل ہونے کے لئے ان دنوں نیویارک میں ہیں۔ دنیا کی نگاہیں 29 ستمبر کو ہونے والی اقوام متحدہ کی عام بحث پر ٹکی ہے ، جب سشما سوراج اپنی تقریر پیش کریں گی۔