ملک بھر میں عیدالاضحی کا جوش وخروش کے ساتھ انعقاد

نئی دہلی، 23 اگست (سیاست ڈاٹ کام ) قربانیوں کا تہوار عید الاضحی جموں و کشمیر میں پتھراؤکے کچھ واقعات کے علاوہ آج پورے ملک میں جوش و خروش اور امن کے ساتھ منایا گیا تھا۔دہلی کی تاریخی جامع مسجد،عیدگاہ، فتح پور اور جامعہ ملیہ اسلامیہ مساجد کے ساتھ، مقامی مساجد میں صبح نماز ادا کی گئی اور لوگوں نے ایک دوسرے سے مل کر عید کی مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر لوگوں نے ملک میں امن اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔ نماز کے بعد، اماموں نے کیرالہ میں آنے ولاے سیلاب میں جان و مال کے نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے نہ صرف اس آفت کی گھڑی میں سیلاب زدگان کی مدد کی اپیل کی بلکہ عید سادگی سے منانے کی لوگوں سع درخواست کی ۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ اپنے اخراجات میں کٹوٹی کرکے اور وہاں کے متاثرین کے لئے کچھ پیسے بھیجیں۔نئی پوشاکوں میں ملبوس لوگوں نے اس موقع پر ایک دوسرے کودعوت دی اور تحفے بھی دئے ،برزرگوں نے بچو عیدی بھی دی ۔ لوگوں نے اس دن بکرے کی قربانی بھی کی ۔ جس کے لئے لوگ کئی دنوں سے تیاری کر رہے تھے ۔وادی کشمیر میں بھی عیدالاضحی کی تقریب سعید انتہائی مذہبی جوش و خروش اور روایتی تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئی ۔ سنت ابراہیمی (ع) کی پیروی میں جانوروں کی قربانی کا سلسلہ بڑے پیمانے پر جاری ہے ۔ تاہم موصولہ اطلاعات کے مطابق نماز عیدین کے اجتماعات کے بعد وادی کے مختلف علاقوں میں آزادی حامی لوگوں کی سیکورٹی فورسزکے ساتھ پُرتشدد جھڑپیں ہوئیں جن میں متعدد افراد بشمول ایک سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اہلکار کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ جھڑپوں کے دوران ایک نوجوان آنکھ میں پیلٹ لگنے کی وجہ سے زخمی ہوا ہے ، جسے علاج ومعالجہ کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔وادی میں بدھ کے روز عیدالاضحی کے پیش نظر ریل سروس معطل رہی جبکہ معطلی کا یہ سلسلہ جمعہ کے روز تک جاری رہ سکتا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ تشدد کے اکا دکا واقعات کو چھوڑ کر وادی کے بیشتر علاقوں میں نماز عیدین کے اجتماعات پرامن طور پر اختتام کو پہنچے ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق عیدالاضحی یا عید قربان کے اس سلسلے میں وادی کے طول وعرض کی مساجد، عیدگاہوں اور امام بارگاہوں میں عیدین کی دوگانہ نماز کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے ۔عیدالاضحی کے ان روح پرور اجتماعات میں وادی میں مکمل امن وامان کی بحالی، ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں

بقرعید میں مسلم گروپ نے بکری کی شکل کے کیک کاٹے
لکھنو۔23 اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) آر ایس ایس سے ملحقہ ایک تنظیم ’’ مسلم راشٹریہ منچ ‘‘ نے بقرعید کے موقع پر بکری کی شکل کا ایک کیک کاٹا کیونکہ اس نے کمیونٹی پر زور دیا ہیکہ فضول خرچی سے اجتناب کیا جائے اور اس کے بجائے غریب اور کمزور طبقات کی فلاح و بہبود اور ان کی ترقی کیلئے تعاون کیا جائے ۔ اس تنظیم کے قومی معاون کنوینر سیدحسن کوثر نے آج پی ٹی آئی کو بتایا کہ ’’ ہم نے کل بقرعید کے موقع پر ایک علامتی قربانی بکری کی شکل میں بنائے گئے یا ایک بکری کے امیج رکھنے والے کیکس کاٹے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم جانوروں کی قربانی کے مخالف نہیں ہیں اور جو یہ کررہے ہیں وہ ایسا کرسکتے ہیں لیکن اس سے جڑی فضول خرچی سے اجتناب کرتے ہوئے اسے بہتر طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے اور اسے غریبی دور کرنے اور ناخواندگی دور کرنے کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے ۔