دولت اسلامیہ کے خلاف ہماری جنگ ’’بہت مشکل ‘‘ : اوباما

داعش کی سرگرمیوں کا بہرصورت خاتمہ کیا جائے گا ۔ شام کی لڑائی پہلا کلیدی مسئلہ

واشنگٹن ۔ 27 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) دولت اسلامیہ کے خلاف جنگ کو ’بہت ہی مشکل ‘ قرار دیتے ہوئے صدر امریکہ براک اوباما نے آج کہا کہ امریکہ اس گروپ کو تباہ کرکے ہی دم لے گا ۔ داعش کو ایک بربریت انگیزی پھیلانے والا دہشت گرد گروپ ہے اس کو ہم نیست و نابود کردیں گے۔ امریکہ کا اصل زور شام کی لڑائی کو فوری ختم کرانا ہے ۔ صدر اوباما نے اسلامی اسٹیٹ کیلئے ایک اور محاذ کھولتے ہوئے کہا کہ دولت اسلامیہ کے خلاف یہ لڑائی مشکل ہوگی لیکن ہم اپنے طبقات اور اپنے اقدار کو مضبوط بنانے کے بشمول اپنے قومی طاقت کے خلاف سرگرم تمام عناصر کو تباہ کردیں گے ۔امریکیوں کی تہذیب اور ان کے اقدار پر کوئی بھی حملہ نہیں کرسکتا ۔ مجھے پورا یقین ہے کہ ہم داعش یا دیگر گروپ کی پیشرفت کو روک دیں گے ۔ہم اس بربریت انگیز دہشت گرد تنظیم کو تباہ کردیں گے اور ان لوگوں کا بھرپور ساتھ دیں گے جو ساری دنیا میں دہشت گردی کا مقابلہ کررہے ہیں ۔

مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے امریکہ ہر محاذ پر کمربستہ ہے ۔ اوباما نے مزید کہاکہ داعش کو تباہ کرنے کا مشن اگرچیکہ مشکل ہے مگر یہ کام ہم کرکے ہی دم لیں گے ۔ شام اور عراق میں صورتحال بھی بلاشبہ پیچیدہ ہوتی جارہی ہے ۔ شام میں امریکی کمانڈوز مخالف داعش جنگجوؤں کے ساتھ مل کر جنگ کررہے ہیں ۔ داعش کے بشمول تمام طاقتوں کا خاتمہ کرنے کیلئے ہم نے اپنا وسیع ترمضبوط محاذ بنالیا ہے ۔ صدر امریکہ نے کہا کہ دولت اسلامیہ شہری علاقوں کے بشمول کئی اہم علاقوں پر قبضہ کرنے ان علاقوں کا محاصرہ کرلینے کی کوشش کررہا ہے ۔ بے قصور شہریوں کو انسانی ڈھال بناکر پیشرفت کی جارہی ہے ۔

اس ہفتہ میں نے اپنی ٹیم کو ہدایت دی ہے کہ وہ تمام محاذوں پر اپنی مہم میں شدت پیدا کریں۔ اوباما نے کہاکہ 66 رکنی اتحاد گروپ میں عرب حلیف ممالک بھی شامل ہیں جو اس اتحاد کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہورہے ہیں ۔ دیگر اقوام بھی ہماری لڑائی میں اپنا حصہ ادا کررہے ہیں۔ عراق میں دولت اسلامیہ کو تقریباً 40 فیصد علاقہ میں ناکامی ہوئی ہے ۔ شام میں مقامی فورس کے اتحاد نے دولت اسلامیہ کے مضبوط گڑھ پر حملے کرکے اس گروپ کو کمزور کردیا ہے ۔ صوبہ رقعہ میں ہم نے دولت اسلامیہ کے زیرکنٹرول آئیل انفراسٹرکچر پر بم برسائے ہیں جس کی وجہ سے دولت اسلامیہ کو اپنے کمانڈرس اور سپاہیوں کی تنخواہیں کم کرنے کیلئے مجبور ہونا پڑا ہے ۔ دولت اسلامیہ کو تباہ کرنے کی ہماری مہم میں دیگر اقوام کے شامل ہونے سے یہ طاقت مزید مضبوط ہوگئی ہے ۔ ہمارا واحد مقصد آئی ایس سے سختی سے نمٹنا اور اس خانہ جنگی کو ختم کرنا ہے ۔

 

صومالیہ: موغادیشو کے ہوٹل پر حملہ
9 افراد ہلاک
موغا دیشو۔ 27 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) افریقی ملک صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ایک ہوٹل پر مسلح شدت پسندوں کے حملے میں کم از کم نو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس حملے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم الشباب کی جانب سے قبول کی گئی ہے۔ واقعہ میں حملہ آوروں نے پہلے صومالی یوتھ لیگ ہوٹل کے باہر کار بم دھماکہ کیا اور پھر ہوٹل کے اندر داخل ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہوٹل پر حملہ کرنے والے چاروں افراد کو ہلاک کر دیا گیا ہے اور صورتحال قابو میں ہے۔ الشباب تنظیم کا کہنا ہے کہ ’ہم نے ایس وائی ایل ہوٹل پر حملہ کیا اور اندر داخل ہونے میں کامیاب رہے‘۔ تاہم ہوٹل میں مقیم ایک شخص نے بتایا کہ حملہ آور ہوٹل کی عمارت کے اندر داخل نہیں ہو سکے اور محافظین نے انھیں پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔ حملے کا نشانہ بننے والا ہوٹل صدارتی محل کے قریب واقع ہے اور سرکاری حکام میں بہت مقبول ہے۔