مودی کا جذبہ خودنمائی

واشنگٹن ۔ 29 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی خودنمائی کے معاملہ میں کیا کچھ کرسکتے ہیں، اس کا اندازہ سوشیل میڈیا پر جاری ویڈیو سے کیا جاسکتا ہے۔ فیس بک ہیڈکوارٹر کے دورہ کے موقع پر انہوں نے کمپنی کے سربراہ مارک زکربرک کو اس وقت اپنے سامنے سے ہاتھ پکڑ کر بازو ہٹادیا جب انہوں نے دیکھا کہ فلمبندی کے دوران وہ حائل ہورہے ہیں۔ اس ویڈیو کے سوشیل میڈیا پر تیزی سے پھیلاؤ کے ساتھ ہی مختلف تبصرے بھی شروع ہوگئے ۔ اس کے علاوہ مودی کے گزشتہ بیرونی دوروں کی تصاویر کو بھی نمایاں کیا گیا جسمیں ان کی نظریں صرف کیمرے پر مرکوز ہیں۔

 

وزیر اعظم کو اسکولی بچہ جیسی حرکت نہیں کرنی چاہئے تھی: کانگریس
نریند رمودی دنیا کی بڑی جمہوریت کے لیڈر ۔ فیس بک ہیڈکوارٹرس کے ویڈیو پر اپوزیشن کا طنز

نئی دہلی 29 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سوشیل میڈیا پر ایک ویڈیو بہت زیادہ گشت کر رہا ہے جو وزیر اعظم نریندر مودی کے فیس بک ہیڈ کوارٹر کے دورہ سے متعلق ہے ۔ اس ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے کیمروں کی قید میں صاف دکھائی دینے کیلئے فیس بک کے سربراہ مارک زوکر برگ کو بازو ہٹادیا تھا ۔ کانگریس پارٹی نے اس مسئلہ پر وزیر اعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا کہ انہیں ایک اسکولی بچہ کی طرح کی حرکت نہیں کرنی چاہئے تھی ۔ پارٹی کے ترجمان شکیل احمد سے جب اس ویڈیو کے تعلق سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جب بیرونی دورہ پر ہیں تو انہیں ایک اسکولی بچہ کی جیسی حرکت نہیںکرنی چاہئے تھی ۔ یہ واقعہ اتوار کو سلیکان ویلی میں ٹاؤن ہال تقریب کے آغام سے قبل کا ہے ۔ اس ویڈیو میں مارک زوکر برگ کے علاوہ فیس بک کی چیف آپریٹنگ آفیسر شیرل سینڈبرگ بھی موجود ہیں جو نریندر مودی کو ایک مومنٹو پیش کرتی ہوئی دکھیائی گئی ہیں۔ اس وقت نریندر مودی زوکر برگ کو ان کا ہاتھ پکڑ کر اپنے بازو ہٹاتے ہوئے دکھائے گئے ہیں۔ شکیل احمد نے کہا کہ تصویر کشی اور ایونٹ مینجمنٹ کیلئے جانے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ پیکیجنگ اور ری پیکیجنگ کیلئے بھی شہرت رکھتے ہیں۔ نریندر مودی زیادہ وقت ملک کے باہر گذارتے ہیں۔ شکیل احمد نے کہا کہ وزیر
اعظم کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ وہ دنیا کی ایک بڑی جمہوریت کے لیڈر ہیں اور جب وہ بیرونی دوروں پر ہوتے ہیں تو انہیں اسکولی بچوں جیسی حرکتیں نہیں کرنی چاہئیں۔ نریندر مودی آئرلینڈ اور امریکہ کے دورہ پر تھے اور وہ ویسٹ کوسٹ بھی گئے جہاں انہوںنے فیس بک ہیڈ کوارٹرس کا دورہ کیا ۔ وہاں انہوں نے مارک زوکر برگ کے ساتھ سوال جواب کے سشن میں حصہ لیا اور گوگل کے کیمپس بھی گئے تھے ۔ وزیر اعظم اکثر و بیشتر تصویر کشی اور انٹرنیٹ کے استعمال پر اپوزیشن کی تنقیدوں کا نشانہ بنے ہیں۔ اسکے علاوہ انکے بیرونی دوروں پر بھی تنقیدیں کی جاتی ہیں۔

سری لنکا میں ٹاملوں کے مسئلہ کو اقوام متحدہ حقوق انسانی فورم سے رجوع کرنے سی پی آئی کا مطالبہ
نئی دہلی 29 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سی پی آئی نے آج مطالبہ کیا کہ ہندوستان ایل ٹی ٹی ای کے خلاف جنگ کے آخری مراحل میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بین الاقوامی تحقیقات کیلئے اتفاق رائے پیدا کرے ۔ اس سلسلہ میں اقوام متحدہ حقوق انسانی کونسل میں نمائندگی کی جانی چاہئے ۔ سی پی آئی لیڈر ڈی راجا نے کہا کہ حکومت ہند کو چاہئے کہ وہ اس مسئلہ پر سبقت حاصل کرے اور ٹاملوں کے ساتھ ہوئی مظالم کے مسئلہ کو بین الاقوامی فورم سے رجوع کرے ۔