12 ستمبر کو سنگاریڈی میں کانگریس کا اقلیتی کنونشن ۔ غلام نبی آزاد خطاب کرینگے

حیدرآباد /7 ستمبر ( سیاست نیوز ) انتخابات کی تیاریوں میں مصروف کانگریس اقلیتوں کیلئے سب پلان کا وعدہ کرنے کے بعد مسلمانوں کو کانگریس سے قریب کرنے سنگاریڈی میں 12 ستمبر کو اقلیتی کنونشن منعقد کر رہی ہے جس سے سینئیر قائد غلام نبی آزاد خطاب کریں گے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر پردیش کانگریس اُتم کمار ریڈی نے بتایا کہ ٹی آر ایس حکومت میں سب سے زیادہ اقلیتوں سے ناانصافی ہوئی ہے ۔ 12 فیصد مسلم تحفظات کا وعدہ کرنے والے کے سی ار اقتدار حاصل ہوتے ہی بی جے پی کی گود میں بیٹھ گئے ۔ وزیر اعظم مودی کی چمچہ گری کرکے مسلمانوں سے اہم وعدے کو فراموش کردیا جو ٹی آر ایس اور بی جے پی کے مابین خفیہ اتحاد کا نتیجہ ہے ۔ کانگریس مسلمانوں سے وعدہ کر رہی ہے کہ اقلیتوں کیلئے سب پلان پر عمل کیا جائیگا اور آبادی کے تناسب سے فنڈز خرچ کئے جائیں گے ۔ اقلیتی بے روزگار نوجوانوں کو سبسیڈی قرض فراہم کیا جائیگا ۔ قائد اپوزیشن راجیہ سبھا غلام نبی آزاد 12 ستمبر کو حیدرآباد پہونچ رہے ہیں ۔ گاندھی بھون میں وہ رافیل معاہدہ کا پردہ فاش کریں گے اور شام میں سنگاریڈی میں اقلیتی کنونشن سے خطاب کریں گے ۔ اقلیتی کنونشن کیلئے سابق گورنمنٹ وہپ جگا ریڈی تیاریاں کر رہے ہیں۔