عمران اور ریحام کے درمیان باہمی رضامندی سے طلاق

٭ پارٹی امور میں مداخلت عمران کو پسند نہیں تھی
٭ جمیمہ خان سے رابطہ ریحام کو پسند نہیں تھا
اسلام آباد ۔ 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹر سے سیاستداں بنے عمران خان جنہوں نے اپنی پہلی برطانوی نژاد بیوی جمیمہ خان کو ایک عرصہ قبل طلاق دے دی تھی، جن سے ان کے دو جوان بیٹے قاسم اور سلیمان ہیں اور اس کے کئی سال بعد عمران نے ایک بار پھر ریحام سے 10 ماہ قبل دوسری شادی کی تھی۔ تاہم اب دونوں میاں بیوی کے درمیان باہمی رضامندی سے طلاق ہوگئی ہے جس کے بارے میں یہ رپورٹس بھی گشت کررہی ہیں کہ عمران خان کو ریحام کی سیاسی معاملات میں ضرورت سے زیادہ دخل اندازی پسند نہیں تھی۔ جمیمہ گولڈ اسمتھ (خان) سے ان کی شادی 9 سال ہی چل سکی جبکہ ٹی وی جرنلسٹ ریحام سے صرف 9 ماہ۔ دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان نعیم الحق نے بھی عمران اور ریحام کے درمیان طلاق کی توثیق کی اور کہا کہ دونوں کے درمیان سارے معاملات کو قطعیت دی جاچکی ہے۔ اس معاملہ کی حساسیت اور نزاکت کو سمجھتے ہوئے میڈیا کو بھی اب من گھڑت کہانیاں بنانے سے گریز کرنا چاہئے۔ نعیم الحق نے البتہ طلاق کی قطعی وجہ نہیں بتائی البتہ عمران کے قریبی رفقاء کے مطابق عمران کو ریحام کی سیاسی معاملات میں دخل اندازی پسند نہیں تھی۔ عمران کی طلاق کی خبر نے لوگوں کو حیرت زدہ نہیں کیا کیونکہ دونوں کے درمیان اختلافات کی خبریں تو پہلے ہی گشت کررہی تھیں۔ مزید برآں دونوں گذشتہ کچھ عرصہ سے ایک ساتھ بھی نہیں رہ رہے تھے لہٰذا یہ خبر تو کسی بم کی طرح کبھی نہ کبھی منظرعام پر آنے ہی والی تھی۔ ریحام سے طلاق کی دو اہم وجوہات بتائی جارہی ہیں۔ ایک یہ کہ عمران کو ریحام کا پارٹی معاملات میں دلچسپی لینا پسند نہیں تھا اور دوسرے یہ کہ خود ریحام کو عمران کی پہلی بیوی جمیمہ سے ربط رکھنا پسند نہیں تھا کیونکہ دونوں اپنے بیٹوں کی وجہ سے وقتاً فوقتاً ایک دوسرے کے رابطہ میں رہا کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں عمران خان کا خاندان ان کی دوسری شادی کے حق میں نہیں تھا۔ ریحام خان کی پارٹی امور میں مداخلت عمران خان کے سیاسی رفقاء کو پسند نہیں تھی اور وہ اس تعلق سے عمران خان کو بار بار انتباہ دے رہے تھے۔ یاد رہے کہ 62 سالہ عمران خان اور 42 سالہ ریحام خان دونوں کی یہ دوسری شادی تھی۔ ریحام بی بی سی سے وابستہ رہ چکی ہیں اور فی الحال ایک مقامی ٹی وی پر ایک ٹاک شو کی میزبانی کرتی ہیں۔