بشمول تلنگانہ ، مختلف ریاستوں کے 2500 اسٹالس ، میٹرو ریل کی سہولت ، شایقین کی پسند کی تمام اشیاء موجود ، آمدنی سے 18 تعلیمی اداروں کی کفالت ، صدر سوسائیٹی ای راجندر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ /29 ڈسمبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں ہر سال منعقد ہونے والی عالمی شہرت کی حامل 79 ویں کل ہند صنعتی نمائش کا یکم جنوری سے آغاز ہوگا ۔ تلنگانہ کے وزیر داخلہ محمد محمود علی یکم جنوری کو 5 بجے شام نمائش میدان پر اس 79 ویں کل ہند صنعتی نمائش کا افتتاح کریں گے ۔ نمائش سوسائیٹی آفس میں آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر نمائش سوسائیٹی و سابق وزیر فینانس حکومت تلنگانہ ای راجندر نے یہ بات بتائی اور کہا کہ شہر حیدرآباد میں صنعتی شعبہ کو فروغ دینے کے مقصد سے سابق نظام حکومت نے سال 1938 ء میں اس صنعتی نمائش کا آغاز کیا تھا اور اس کا سلسلہ گزشتہ 78 سال سے جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال صنعتی نمائش میں بشمول تلنگانہ مختلف ریاستوں کے 2500 اسٹالس قائم کئے جارہے ہیں بلکہ ریاستی و مرکزی محکمہ جات کے اسٹالس بھی شامل ہیں ۔ صدرنمائش سوسائیٹی نے بتایا کہ اس مرتبہ نمائش کو ایک منفرد حیثیت حاصل رہے گی ۔ گزشتہ عرصہ کے دوران نمائش دیکھنے کیلئے دور دراز علاقوں سے بسوں ، گاڑیوں ، آٹوز اور دیگر سواریوں سے آیا کرتے تھے ۔ لیکن اس بار پہلی مرتبہ نمائش دیکھنے کیلئے آنے والوں کو حیدرآباد میٹرو ریل کی سہولت فراہم رہے گی ۔ کیونکہ ایل بی نگر تا میاں پور میٹرو ریل سرویس کو گاندھی بھون اور نامپلی میٹرو ریلوے اسٹیشنس سے مربوط کیا گیا اور حیدرآباد میٹرو ریل انتظامیہ نے رات دیر گئے تک یعنی ساڑھے گیارہ بجے شب تک زائد ٹرینیں چلانے سے بھی اتفاق کرلیا ہے جس کے پیش نظر اس سال نمائش دیکھنے آنے والوں کی تعداد میں زبردست اضافہ کا امکان پایا جاتا ہے ۔ گزشتہ سال زائد از 20 لاکھ افر اد نے کل ہند صنعتی نمائش کا مشاہدہ کیا تھا ۔ لیکن اس مرتبہ زائداز 25 لاکھ افر اد نمائش کا مشاہدہ کرنے کی توقع پائی جاتی ہے ۔ مسٹر ای راجندر نے بتایا کہ 79 ویں کل ہند نمائش کے بڑے پیمانے پر کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ نمائش دیکھنے کیلئے آنے والے افراد کیلئے نمائش میدان کو آنے والی سڑک کے دونوں جانب و دیگر مقامات پر پارکنگ کی مفت سہولت فراہم رہے گی
اور ٹریفک جام رہنے کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے بھی وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں اور نمائش کے اوقات میں ٹریفک کے بہاؤ کو آسان بنانے کیلئے ٹریفک پولیس کی جانب سے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے جارہے ہیں جبکہ نمائش کے دوران عوام کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کیلئے نمائش میدان میں چار سطحی سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ نمائش کے اوقات میں نمائش میدان اور اطراف و اکناف علاقہ میں حفظان صحت پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے صفائی وغیرہ کے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے گئے ہیں اور نمائش کیلئے آنے والے افراد کو اتفاقی طور پر پیش آنے والے واقعات پر ہنگامی نوعیت پر طبی سہولتیں فراہم کرنے کے بھی اقدامات کئے گئے اور یشودھا ہاسپٹل کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔ صدر نمائش سوسائیٹی نے مزید بتایا کہ اس صنعتی نمائش سے حاصل ہونے والی آمدنی کے ذریعہ ریاست بھر میں تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہوئے 18 تعلیمی ادارے چلائے جارہے ہیں ۔ کل ہند صنعتی نمائش میں اس مرتبہ اوپن ایر تھیٹرس تہذیبی پروگرامس کا انعقاد عمل میں لانے کیلئے قائم کئے گئے ہیں ۔ عوام کو بیٹھنے وغیرہ کیلئے لانس کا قیام عمل میں لایا گیا ۔ عوام کو اپنی یادگار تصاویر لینے کیلئے مہاتما گاندھی سرکل ۔ لویو نمائش اور ایفل ٹاور کے پاس تین فوٹو پوائنٹس رکھے گئے ۔ فوڈ کورٹس کا قیام ، وسیع تر پیمانے پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب ، مختلف مقامات پر میٹل ڈیٹکٹرس ، نمائش میدان میں ہی مختلف مقامات پر عوام کی سہولت کیلئے اے ٹی ایم سہولتیں اور مفت صاف پینے کے پانی کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں ۔ صدرنمائش سوسائیٹی ای راجندر نے بتایا کہ /8 جنوری نمائش میں یوم خواتین رہے گا ۔ جی وی رنگاریڈی اعزاز معتمد (سکریٹری) نمائش سوسائیٹی نے قبل ازیں خیرمقدم کرتے ہوئے نمائش سوسائیٹی و عثمانیہ گرایجویٹس اسوسی ایشن کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ اس موقعہ پر نمائش سوسائیٹی منیجنگ کمیٹی کے عہدیدار بشمول رکن سوسائیٹی ڈی موہن بھی موجود تھے ۔