۔50کروڑ ہندوستانیوں کیلئے فی کس 5لاکھ روپئے کا بیمہ :وزیراعظم

حکومت کی ایوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کا افتتاح‘ عوام کومعیاری اور قابل رسائی صحت نگہداشت اسکیم

رانچی۔23 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی حکومت کی فلیگ شپ اسکیم ایوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کا رانچی میں افتتاح کیا ۔ ایوشمان بھارت پروگرام کے تحت ملک کے تمام شہریوں کا احاطہ کرتے ہوئے صحت نگہداشت اسکیم پر عمل آوری کی جائے گی ۔ ملک کے زائد از 50کروڑ شہریوں کے لئے فی کس 5لاکھ روپئے کا بیمہ دیا جائے گا ۔ اس حوصلہ مند پروگرام کا مقصد ایک بلین شہریوں کا احاطہ کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ غریب کی خدمت کرنے کیلئے ہی تبدیلی والے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ یہ اسکیم آج سے ہی نافذ العمل ہوگی ۔ ایوشمان بھارت یوجناحکومت کی سب سے بڑی ہیلت کیر اسکیم ہے ۔ ساری دنیا میں اس اسکیم کا کوئی ثانی نہیں ہے ۔ اسکیم سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد تقریباً کینیڈا ‘ میکسیکو اور امریکی آبادی کے مساوی ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے بظاہر کانگریس کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ غریبوں کو طاقتور بنائے بغیر سابق حکومتوں نے صرف ووٹ بینک کی سیاست کو اختیار کیا تھا ۔ یہ بی جے پی حکومت ہی ہے جو غریب عوام کی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ صحت بیمہ اسکیم کی حصوصیت یہ ہے کہ اس اسکیم کے تحت زائد از 1300 امراض کا احاطہ کیا جائے گا ۔ ان امراض میں قابل ذکر امراض قلب ‘ امراض گردہ اور جگر کے عارضہ کے علاوہ شکر کی بیماری کا علاج ہوگا ۔عوام کو اس مودی کیئر اسکیم سے فائدہ ہوگا ۔ میرا مقصد غریبوں کی خدمت کرنا ہے اور مجھے اس خدمت کا موقع حاصل ہورہا ہے ۔ سماج میں سب سے نچلی سطح پر زندگی بسر کرنے والے شخص کو بھی اس اسکیم سے فائدہ ہوگا ۔ اسکیم تیار کرنے والی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ اس پروگرام کو روبہ عمل لانے کیلئے تمام عہدیداروں کو اجتماعی طور پر کوشش کرنی ہوگی ۔ انہیں ان کی کوشش کے عوض 50کروڑ استفادہ کنندگان کی دعائیں حاصل ہوگی ۔ مجھے امید ہے اور میں دعا کرتا ہوں کہ غریب کو دواخانوں کا رُخ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی لیکن اگر انہیں ایسی نوبت پیش آئی تو ایوشمان صحت اسکیم ان کی خدمت کیلئے حاضر ہے ۔ میری حکومت تمام کی ترقی کیلئے کام کررہی ہے ۔ انہوں نے ’’ سب کا ساتھ سب کا وکاس ‘‘ نعرہ کا حوالہ دیا ۔ ایوشمان اسکیم کسی بھی نوعیت کی فرقہ وارانہ بنیاد پر نہیں ہے اور نہ ہی یہ ذات پات کے خطوط پر روبہ عمل لائی جائے گی ۔ اس پروگرام کے ذریعہ عوام کے درمیان کوئی نفاق پیدا نہیں کیا جائے گا ۔ مذہب کی بنیاد پر ‘ ذات پات کی بنیاد پر اورعلاقہ کی بنیاد پر کسی بھی شخص کے ساتھ امتیاز برتا نہیں جائے گا ۔ ہر ضرورت مند شخص کو اسکیم کے فوائد سے استفادہ کا موقع ملے گا ۔ کسی کو بھی ہیلت کارڈ حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی اور نہ ہی اس کیلئے اپنا نام درج کرانا پڑے گا ‘ یہ اسکیم از خود ٹال فری نمبر کے ذریعہ دستیاب رہے گی۔