بحریہ کو 125 سے زائد ہیلی کاپٹر ملیں گے ، وزیر دفاع نرملا سیتارامن کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ
نئی دہلی، 25اگست (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے پرانے ہوچکے چیتک ہیلی کاپٹروں کے دستہ کو بدلنے کی سمت میں بڑا قدم اٹھاتے ہوئے بحریہ کے لئے 21ہزار کروڑ روپے کے 111ہیلی کاپٹروں سمیت مجموعی طورپر 46ہزار کروڑ روپے کے دفاعی سودوں کو آج منظوری دی۔وزیر دفاع نرملا سیتارمن کی صدارت میں ہوئی دفاعی خرید کونسل کی میٹنگ میں بحریہ کیلئے 24کثیرالمقاصد ہیلی کاپٹر ایم ایچ 60’رومیو’، فوج کے لئے 3364کروڑ روپے کی لاگت سے 150توپ اور بحریہ کے لئے چھوٹی دوری کے 14میزائل نظام کی خرید کو بھی منظوری دے دی۔بحریہ کے لئے 111 ہیلی کاپٹروں کی خرید کا سودا اس معنی سے نہایت اہم ہے کہ یہ حکومت کے میک ان انڈیا منصوبہ کو دفاعی شعبہ میں فروغ دینے کیلئے وزارت دفاع کے سرخیوں میں رہنے والے اسٹریٹجک پارٹنرشپ ماڈل کے تحت پہلا پروجیکٹ ہے۔ اسٹریٹجک شراکت ماڈل کی یہ خصوصیت ہے کہ اس کے تحت ہندستانی اسٹریٹجک شراکت میں جنگی طیارے ، ہیلی کاپٹر، آبدوز اور بکتر بند گاڑیاں جیسے بڑے دفاعی پلیٹ فارم ملک میں ہی بنائے جائیں گے ۔ یہ شراکت دار اس کیلئے ملک میں ہی پلانٹ قائم کریں گے اور اس سے متعلقہ جدید ٹکنالوجی اپنے غیرملکی شراکت دار سے حاصل کریں گے ۔ اس ماڈل کا طویل مدتی مقصد ہندستان کو دفاعی پیداوار کے شعبہ میں خود انحصار بنانے کے ساتھ ہندستان کو دفاعی آلات کے پیداواری مرکز کے طورپر فروغ دینا ہے ۔