ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے جھنڈی دکھائی، حج ہاوز میں روح پرور مناظر
حیدرآباد ۔ یکم اگسٹ (سیاست نیوز) حج 2018 ء کے عازمین کی روانگی کا حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے آغاز ہوگیا۔ 300 عازمین پر مشتمل پہلا قافلہ آج صبح شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے ارض مقدس کیلئے روانہ ہوا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے سعودی ایرلائینس کی خصوصی فلائیٹ کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ قبل ازیں رات دیر گئے حج ہاؤز سے عازمین حج کو آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کے ذریعہ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ روانہ کیا گیا ۔ تلبیہہ کی گونج میں اور روح پرور مناظر کے درمیان عازمین حج ایرپورٹ کیلئے روانہ ہوئے ۔ رشتہ داروں اور دوست احباب کی کثیر تعداد نے انہیں بادیدۂ نم وداع کیا۔ ایرپورٹ پر ڈپٹی چیف منسٹر کے ہمراہ صدرنشین ریاستی حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خاں ، اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور ، حج کمیٹی کے ارکان ، محمد عارف احمد ، خواجہ سراج الدین ، ایم اے شفیع ، ابو طلحہ امجد ، محمد امتیاز خاں کے علاوہ مرکزی حج کمیٹی کے ارکان ارشد میاں اور محترمہ طیبہ آفندی موجود تھے۔ حج ٹرمنل میں عازمین کیلئے تمام تر سہولتیں فراہم کی گئی تھیں۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے عازمین حج سے ریاست کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی ۔ انہوں نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی درازی عمر کیلئے دعا کی خواہش کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر عازمین حج کیلئے بہتر انتظامات میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال تلنگانہ حج کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور صدرنشین کے علاوہ اسپیشل آفیسر بہتر خدمات انجام دے رہے ہیں اور تمام محکمہ جات ٹیم ورک کی طرح عازمین کی خدمت میں مصروف ہیں۔ چیف منسٹر اکثر کہا کرتے ہیں کہ عازمین حج اللہ کے مہمان ہیں اور ان کی خدمت حج کا ثواب حاصل کرنے کے برابر ہے۔ محمد محمود علی نے کہا کہ ہندوستان بھر میں حیدرآباد حج کیمپ خدمت کے اعتبار سے سرفہرست ہے۔ چیف منسٹر کی نیت کے مطابق بہتر کام انجام پارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ، آندھراپردیش اور کرناٹک کے 7000 سے زائد عازمین حیدرآباد سے روانہ ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں بھی بہتر انتظامات کئے گئے ہیں اور وہ امید کرتے ہیں کہ حج کی تکمیل کے بعد تمام حاجی صحت و تندرستی کے ساتھ وطن واپس ہوں گے۔ قبل ازیں حج ہاؤز میں عازمین کی روانگی سے قبل شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ مولانا مفتی خلیل احمد نے خطاب کیا اور کہا کہ حج کیلئے انتخاب خوش نصیبی اور سعادت کی بات ہے۔ حرمین میں جو مال خرچ کیا جاتا ہے وہ برکت والا ہوتا ہے۔ حج مبرور سے گناہ معاف ہوجاتے ہیں۔ رکن اسمبلی جعفر حسین معراج نے عازمین حج کو مبارکباد پیش کی۔ صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں نے کہا کہ تلنگانہ واحد ریاست ہے جہاں امن و سکون کی فضاء ہے۔ انہوں نے سفر حج کی کامیابی کیلئے دعا کی ۔ اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے خیرمقدم کیا ۔ انہوں نے عازمین حج کو ایام حج کے دوران قیام سے متعلق مفید مشورے دیئے ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹریفک بابو راؤ نے بھی مخاطب کیا۔
عازمین حج کا دوسرا قافلہ سعودی عرب روانہ
عازمین حج کا دوسرا قافلہ جس میں 300 عازمین شامل ہیں، آج رات دیر گئے سعودی ایرلائینس کی خصوصی پرواز سے سعودی عرب روانہ ہوا۔ قبل ازیں رات 10 بجے حج ہاؤز سے آر ٹی سی بسوں کے ذریعہ عازمین حج کو حج ٹرمنل منتقل کیا گیا ۔ تلبیہہ اور ذکر و اذکار کے درمیان عازمین حج ایرپورٹ کیلئے روانہ ہوئے۔ دوسرے قافلہ کے عازمین کی رپورٹنگ کا 4 بجے شام سے آغاز ہوا۔ حج کیمپ میں تمام سرکاری امور انجام دیئے گئے ۔ عازمین حج کا تیسرا قافلہ جمعرات کو رات دس بجے ایرپورٹ سے پرواز کرے گا۔