قومی سیاست میں تلگودیشم کا اہم رول ‘ حیدرآباد کی ترقی تلگودیشم کی مرہون منت‘ مہاناڈو سے چندر ابابو نائیڈو کا خطاب
حیدرآباد 24 مئی (سیاست نیوز) 2019ء انتخابات کے بعد ملک کے سیاسی حالات میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں رونما ہوں گی اور قومی سیاست میں تلگو دیشم اہم رول ادا کریگی۔ علاوہ ازیں تلگو دیشم کے بغیر کوئی سیاسی جماعت کچھ نہیں کرسکے گی۔ تلنگانہ تلگو دیشم کے ’مہاناڈو پروگرام‘ سے خطاب کرتے ہوئے صدر تلگو دیشم و چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو نے ان خیالات کا اظہار کیا اور بتایا کہ سال 1996ء میں تیسرا متبادل محاذ تشکیل دے کر ایچ ڈی دیوے گوڑا کو وزیراعظم بنانے کا اعزاز تلگو دیشم کو حاصل ہے۔ اس طرح ملک میں کانگریس و بی جے پی کے خلاف محاذ بنانے کا سہرا تلگو دیشم کے سر ہے۔ چندرا بابو نے پارٹی قائدین و کارکنوں کی جانب سے چندرا بابو وزیراعظم کے نعروں پر کہا کہ مجھے وزیراعظم کے عہدے سے کہیں زیادہ تلگو عوام کے مفادات عزیز ہیں۔ مجھے دو مرتبہ وزیراعظم کے عہدے کی پیشکش ہوئی لیکن میں نے دونوں مرتبہ انکار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک سیاست میں رہنے کا مقصد عہدوں کا حصول یا عہدوں کی لالچ نہیں بلکہ عوامی خدمات اور غریبوں کی فلاح و بہبود ہے۔ ملک کی سیاست میں اُتار چڑھاؤ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 40 سال کے دوران ملک میں کئی سیاسی نشیب و فراز دیکھے ہیں اور فی الوقت ملک میں مجھ سے زیادہ سینئر سیاسی قائد نہیں ہیں۔ انہوں نے کرناٹک میں کمارا سوامی کی حلف برداری تقریب میں شرکت کا تذکرہ کیا اور کہا کہ تقریب میں شرکت اقتدار کے حصول کیلئے نہیں ہے بلکہ تلگو عوام اور تلگو ریاستوں سے ناانصافیوں سے مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین کو واقف کروانا تھا۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر تنقید کی آندھرا پردیش سے دھوکہ اور غداری کا الزام عائد کیا اور کہا کہ تقسیم ریاست قانون کے تیقنات پر عمل آوری نہ کرکے آندھرا پردیش سے ناانصافی کی گئی ہے ۔ انہوں نے کئی مرتبہ دہلی کا دورہ کیا لیکن ہمیشہ صرف تیقن دیا جاتا رہا ( باقی سلسلہ صفحہ 8 پر )
عمل آوری صفر تھی ۔اسی وجہ سے وہ مرکزی حکومت سے علیحدہ ہوگئے ۔این ڈی اے سے بھی علیحدگی اختیار کرکے بی جے پی کے ساتھ رشتہ توڑ لیا گیا۔ چندرا بابو نے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش میں تلنگانہ بشمول حیدرآباد کو ترقی دینے کا اعزاز تلگو دیشم کو حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت وہ بھی تھا حیدرآباد میں پینے کے پانی کی قلت تھی لیکن آج مہانگر میں تبدیل کرنے کا اعزاز تلگو دیشم حکومت کو حاصل ہے۔ ملک بھر میں بیگم پیٹ ایرپورٹ کو سرفہرست بنانے میں تلگو دیشم کی جدوجہد میں شامل ہے۔ ریاست بالخصوص تلنگانہ میں شاہراہوں کی توسیع کرکے حالت کو بہتر بنانے تلگو دیشم حکومت نے کوشش کی اور آج شہر کے اطراف میں تیزی سے ترقی ہورہی ہے ۔ آندھرا پردیش بشمول تلنگانہ میں تعلیمی ترقی پر اولین ترجیح دی گئی جس کے نتیجہ میں شہر کے اطراف 208 انجینئرنگ کالجوں کا قیام عمل میں لایا جاسکا۔ علاوہ ازیں سائبرآباد سٹی کیلئے اقدامات کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم کا قیام تلنگانہ بلکہ حیدرآباد میں عمل میں لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہوئے کرفیو کا خاتمہ کیا گیا۔ متحدہ آندھرا پردیش میں حج ہاؤز تعمیر کیا گیا ۔ عازمین کیلئے حیدرآباد سے راست پرواز کو یقینی بنانے کا کارنامہ تلگو دیشم حکومت نے انجام دیا۔ مساجد کی آہک پاشی کیلئے رقومات کی اجرائی تلگو دیشم حکومت میں انجام دی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں تلگو والے دکھائی دے رہے ہیں تو صرف تلگو دیشم کی وجہ سے ہیں۔ نائیڈو نے پارٹی قائدین و کارکنوں سے کہا کہ سخت محنت کے ذریعہ تلنگانہ میں تلگو دیشم کی سابق تاریخ کو دہرانے کی ضرورت ہے۔ اس کیلئے پارٹی کا ایک ورکر کم 100 کارکنوں کو تیار کرنے تیار ہوجائے۔ انہوں نے تلنگانہ تلگو دیشم قائدین و کارکنوں کو یقین دلایا کہ وہ آئندہ دنوں میں پارٹی سرگرمیوں کیلئے وقت دیں گے ۔ صدر تلنگانہ تلگو دیشم ایل رمنا نے صدارتی خطاب میں کہا کہ دنیا بھر میں تلگو والے جہاں کہیں رہیں، ان کی فلاح و بہبود کیلئے تلگو دیشم خدمات انجام دے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے 17 لوک سبھا حلقوں میں تلگو دیشم منی مہاناڈو کا انعقاد عمل میں لا کر ہر طرف تلگو دیشم کا پرچم لہرایا گیا۔ انہوں نے نے ٹی آر ایس حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ تلنگانہ حکومت میں دولت کا سرقہ کیا جارہا ہے اور صرف ایک دو سماجی طبقات تک ہی اقتدار محدود ہوکر رہ گیا۔ تلنگانہ کابینہ واحد کابینہ ہے جس میں خواتین شامل نہیں کیا گیا ۔ نائب صدر تلنگانہ تلگو دیشم و انچارج حیدرآباد علی مسقطی نے مرکز کی بی جے پی اور تلنگانہ حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ بی جے پی حکومت میں پٹرول قیمتوں میں بھاری اضافہ ہوا ۔ علاوہ ازیں اچھے دن لانے کا اعلان کرنے والی بی جے پی حکومت میں بینکوں پر سے عوام کا اعتماد ختم ہوچکا ہے۔ غریب عوام بینکوں میں رقومات رکھنے سے خوف زدہ ہیں ۔ علی مسقطی نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کی قیادت میں تلنگانہ میں تلگو دیشم نئی تاریخ بنائیگی۔ انہوں نے عوام سے تلگو دیشم کو مضبوط بنانے میں تعاون کی اپیل کی۔ مہاناڈو میں چندر شیکھر ریڈی رکن پولیٹ بیورو، این ناگیشور راؤ، ٹی دیویندر گوڑ ‘اروند کمار گوڑ ‘امرناتھ بابو ‘ محمد تاج الدین صدر تلنگانہ تلگو دیشم اقلیتی سیل، علی گتمی ‘ ایم این سرینواس صدر گریٹر حیدرآباد ‘ محمد یوسف صدر ضلع تلگو دیشم پارٹی ضلع نلگنڈہ کے علاوہ دیگر کئی اہم قائدین شریک تھے۔