نئی دہلی ۔ 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے مختلف افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے آج واضح طور پر کہا کہ 2000 کے کرنسی نوٹ منسوخ کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ مملکتی وزیرداخلہ کرن رجیجو نے راجیہ سبھا میں کہا کہ ’’ہم نقلی کرنسی ضبط کررہے ہیں۔ جہاں تک مارکٹ میں گشت کرنے والی افواہوں کا تعلق ہے ہم ان افواہوں کو مسترد کرتے ہیں‘‘۔ وہ کانگریس کے ایک رکن مدھوسدن مستری کے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے جنہوں نے یہ جاننے کی کوشش کی تھی کہ آیا حکومت 2000 روپئے کے کرنسی نوٹ منسوخ کرنا چاہتی ہے جس کی افواہیں مارکٹ میں گشت کررہی ہیں۔ وقفہ سوالات کے دوران دیئے گئے اس جواب میں رجیجو نے مزید کہا کہ ’’گجرات اور مغربی بنگال سے نقلی کرنسی ضبط کی گئی ہے لیکن یہ درست نہیں ہے کہ نقلی کرنسی کی شناخت نہیں کی جاسکتی۔ یہ بات بالکل درست نہیں ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ این آئی اے نے گجرات اور مغربی بنگال میں 22,677 کرنسی نوٹ ضبط کئے گئے جن کی مالیت 2000 روپئے کے 4.53 کروڑ روپئے تھی۔