۔ 9 ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کا بھی نفع بخش عہدے سے استفادہ

عام آدمی پارٹی ایم ایل ایز کے خطوط پر کارروائی کا مطالبہ۔ ریونت ریڈی کی الیکشن کمیشن و صدر کو یادداشت
حیدرآباد 23 جنوری (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی ریونت ریڈی نے نفع بخش عہدے پر فائز ہونے والے ٹی آر ایس کے 9 ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دینے کا چیف الیکشن کمیشن اور صدرجمہوریہ کو یادداشت روانہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ دہلی میں پارلیمنٹری سکریٹری نامزد ہونے والے عام آدمی کے 20 ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دینے کی چیف الیکشن کمیشن کی جانب سے کی گئی سفارش اور اس پر مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے صدرجمہوریہ نے ان ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دیا۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ عام آدمی پارٹی حکومت کی طرح تلنگانہ میں بھی ٹی آر ایس حکومت نے 6 ارکان اسمبلی ڈی ونئے بھاسکر، جلگم وینکٹ راؤ، ڈی سرینواس گوڑ، جی کشور کمار، وی ستیش کمار اور کوا لکشمی کو بحیثیت پارلیمنٹری سکریٹری نامزد کیا تھا۔ حکومت تلنگانہ نے 29 ڈسمبر 2014 ء کو جی او ایم ایس نمبر 173 جاری کرتے ہوئے انھیں نفع بخش عہدے پر مامور کیا تھا جو دستور کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ حکومت کے اس فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا۔ ہائیکورٹ نے یکم مئی 2015 ء کو اہم فیصلہ کرتے ہوئے جی او منسوخ کرنے کے احکام جاری کئے۔ کانگریس کے رکن اسمبلی ریونت ریڈی نے بتایا کہ ڈسمبر 2014 ء سے یکم مئی 2015 ء تک ٹی آر ایس کے 6 ارکان اسمبلی نفع بخش عہدے پر فائز رہے۔ حکومت کی تمام سہولتیں اور رعایتوں سے مکمل استفادہ کیا۔ ہائیکورٹ نے جی او کی منسوخی کے وقت حکومت کو تاکید کی تھی کہ وہ آئندہ دستوری عہدوں پر کسی کو بھی نامزد کرنے سے قبل اس کی ہائیکورٹ کو اطلاع دے۔ ہائیکورٹ کی سرزنش کے باوجود تلنگانہ حکومت نے مزید 3 ارکان اسمبلی کو کابینی درجہ دیتے ہوئے نئے عہدوں پر نامزد کرنے کے لئے جی او آر ٹی نمبر 613 جاری کیا جس کے ذریعہ ای بالا کشن عرف آر بالکشن کو تلنگانہ کلچرل کا سربراہ نامزد کیا گیا۔ جی او ایم ایس نمبر 32 بتاریخ 27 اپریل 2016 ء جاری کرتے ہوئے رکن اسمبلی ایم ستیہ نارائن ریڈی کو آر ٹی سی صدرنشین نامزد کیا۔ ساتھ ہی 26 اپریل 2016 ء کو ہی جی او ایم ایس نمبر 32 جاری کرتے ہوئے رکن اسمبلی وی پرشانت ریڈی کو صدرنشین پنچایت راج رورل ڈیولپمنٹ نامزد کیا۔ ان تینوں ارکان اسمبلی کو کابینی درجہ دیتے ہوئے تمام سہولتیں اور رعایتیں فراہم کی ہے جو نفع بخش عہدے میں شمار ہوتا ہے۔ ریونت ریڈی نے اس کا جائزہ لیتے ہوئے عام آدمی پارٹی ارکان اسمبلی کے طرز پر ٹی آر ایس کے 9 ارکان اسمبلی کو بھی نااہل قرار دینے کا الیکشن کمیشن آف انڈیا اور صدرجمہوریہ ہند سے مطالبہ کیا ہے۔