یکم ؍ جولائی سے پیان کارڈ کو آدھار سے مربوط کرنے کا لزوم

 

نئی دہلی ۔ 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک سرکاری اعلامیہ میں کہا گیا ہیکہ پیان کارڈ رکھنے والے افراد کو یکم ؍ جولائی سے 12 ہندسوں پر مشتمل اپنا موجودہ آدھار کارڈ مربوط کرنا لازمی ہو گا۔ مقررہ حد سے بڑھ کررقمی معاملتوں، بینک کھاتے کھولنے اور انکم ٹیکس ریٹرنس داخل کرنے کیلئے لازمی پیان کارڈ کیلئے درخواست داخل کرتے وقت اپنا آدھار نمبر یا آدھار کارڈ کا اندراج نمبر کا حوالہ دینا بھی لازمی ہوجائے گا۔ وزیرفینانس ارون جیٹلی نے 2017-18ء کے فینانس بل کے ٹیکس تجاویز میں ترمیم کرتے ہوئے پیان کارڈ سے آدھار کارڈ کو مربوط کرنے کا لزوم عائد کیا تھا تاکہ ٹیکس ریٹرنس میں مختلف پیان کارڈس داخل کرتے ہوئے ٹیکس چوری کے اندیشوں کو ختم کیا جاسکے۔ سپریم کورٹ نے بھی اس ماہ کے اوائل کے دوران انکم ٹیکس ریٹرنس کے ادخال اور پیان کارڈس کی اجرائی کیلئے آدھار کے لزوم سے متعلق انکم ٹیکس کے ایک قاعدہ کو جائز قرار دیاتھا لیکن شخصی معلومات کی رازداری کے مسئلہ کو دستوری بنچ کی طرف سے یکسوئی تک اس کی عمل آوری پر جزوری التواء جاری کیا۔ سپریم کورٹ رولنگ کے بعد محکمہ مال نے پیان کارڈس کی درخواستوں سے نمٹنے سے متعلق انکم ٹیکس قواعد میں ترمیمات کئے ہیں جن پر یکم ؍ جولائی 2017ء سے عمل آوری ہوگی۔ ملک میں 2.07 کروڑ انکم ٹیکس دہندگان پہلے ہی اپنے پیان کارڈس کو آدھار سے مربوط کرچکے ہیں۔ ملک میں فی الحال 25 کروڑ افراد کے پاس پیان کارڈس موجود ہیں اور 115 کروڑ افراد کو آدھار کارڈس جاری کئے جاچکے ہیں۔