یو پی کے این ٹی پی سی بوائیلر میں دھماکہ، 20 ہلاک

درجنوں جھلس گئے، معاوضہ دینے یوگی آدتیہ ناتھ کا اعلان

لکھنؤ ۔ یکم ؍ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے ضلع رائے بریلی میں این ٹی پی سی کے اونچاہار پلانٹ کا بوائیلر میں زوردار دھماکہ سے پھٹ پڑا، جس کے نتیجہ میں کم سے کم 20 افراد ہلاک اور دیگر کئی جھلس جانے کے سبب زخمی ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے اموات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے خاندانوں کو فی کس 2 لاکھ روپئے اور نقدیہ زخمیوں کو فی کس 50,000 روپئے معاوضہ کا اعلان کیا ہے۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل (ضبط و قانون) آنند کمار نے قبل ازیں کہا تھا کہ ’’چار اموات کی توثیق ہوئی ہے۔ اس تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ دھماکہ کے سبب تقریباً 40-50 افراد جھلس جانے کے سبب شدید زخمی ہوئے ہیں۔ چند کی حالت تشویشناک ہے۔ تمام زخمیوں کو علاج کیلئے مختلف دواخانوں سے رجوع کردیا گیا ہے۔ ’’رائے بریلی کا اونچا ہار سب ڈیویژن ریاستی دارالحکومت سے تقریباً 110 کیلو میٹر دور ہے۔ اے ڈی جی کمار نے کہا کہ تمام دستیاب ایمبولنس گاڑیوں کو متحرک کردیا گیا ہے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس راحت و امداد کی سرگرمیوں کی نگرانی کیلئے جائے واقعہ پر پہنچ گئے ہیں۔ چیف منسٹر آدتیہ ناتھ نے جو تین روزہ دورہ پر ماریشیس گئے ہوئے ہیں۔ راحت رسانی کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ این ٹی پی سی نے اپنے بیان میں کہا کہ 500 میگاواٹ کے ایک زید تجربہ یونٹ کے بوائیلر میںیہ بدبختانہ حادثہ پیش آیا۔ راحت و امداد رسانی کے کام جاری ہیں۔ زخمیوں کو قریبی دواخانوں کو منتقل کیا گیا ہے۔